”چلہ“اثر کر گیا،لال حویلی سیل کرنے کا فیصلہ کالعدم

راولپنڈی (بیورورپورٹ)”چلہ“اثر کر گیا،عدالت نے لال حویلی سیل کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دےدیا،ہائیکورٹ کے جج جسٹس مرزا وقاص رو¿ف نے فیصلہ سنایا، لال حویلی کی دونوں ملکیتی رجسٹریاں منسوخ کرنے کا فیصلہ بھی کالعدم قرار دےدیا گیا۔

عدالت نے حکم دیا لال حویلی کو فوری ڈی سیل کیا جائے، چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ کیس کو دوبارہ سنےں،دوران سماعت جج نے ریمارکس دئیے بھارت میں قانون بن گیا وہاں متروکہ پراپرٹیز کا مسئلہ ہمیشہ کےلئے ختم ہوگیا مگر ہمارے ہاں محکمے قانون کے مطابق نہیں چلتے اور جب مرضی سرگرم ہوجاتے ہیں۔

بعدازاں عدالت کے باہر سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشیدنے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا9 مئی گندے لوگوں کا لعنتی پروگرام تھا، پاک فوج کےساتھ ہیں اور رہیں گے،جسٹس وقاص رﺅف نے تاریخی فیصلہ دیا،تینوں کیسزمیں بےگناہ ہوں، چلے نے مجھے نیا شیخ رشید بنا دیا،30 کلو وزن کم ہوگیا، صحت خراب ہے، ابھی رپورٹس آنی ہیں۔

شیخ رشید نے کہاپاک فوج عظیم فوج ہے، جنرل عاصم منیر ،ندیم انجم شان ہیں، جنرل عاصم منیر میرے شہر کی عزت اور عظیم سپہ سالار ہیں،پی ڈی ایم کےخلاف راولپنڈی کی دونوں نشستوں پرالیکشن لڑوں گا،سابق وزیر داخلہ نے مزید کہا5 اکتوبر کے کیس میں میری گرفتاری مطلوب ہے، میرے ڈرائیور کو اٹھانے کی بجائے مجھے تھانے بلائیں، گرفتاری مطلوب ہے تو فون کریں میں آجاﺅں گا،مجھ سے کوئی غلطی ہوئی تو معافی مانگتا ہوں۔