اسرائیلی سفاکیت، مزید ہسپتالوں پر بمباری کی دھمکی، خالی کرنے کا الٹی میٹم

غزہ،تل ابیب،واشنگٹن،بیجنگ(مشرق نیوز،بیورورپورٹ)اسرائیلی سفاکیت ،مزید ہسپتالوں پر بمباری کی دھمکی ،خالی کرنے کاالٹی میٹم دےدیا۔

عرب ٹی وی کو انٹرویو میں فلسطینی ہلال احمرکی ترجمان نیال فرسخ نے کہااسرائیلی فوج مسلسل غزہ پٹی کے ہسپتالوں کو خالی کرانے کی وارننگ دے رہی ہے اور اسرائیلی طیارے ہسپتالوں کے بالکل قریب بمباری کررہے ہیں،بیشتر ہونےوالی بمباری ہسپتالوں سے 20 میٹر کے فاصلے پر کی گئی ،وزارت صحت کے مطابق 24گھنٹوں میں غزہ پٹی پراسرائیلی بمباری سے مزید سینکڑوں فلسطینی شہید ہوگئے ،182 بچے بھی شامل ہیں جبکہ شہدا کی مجموعی تعداد 5ہزار سے متجاوز کرگئی۔

ادھر ترجمان ڈبلیو ایچ او نے کہاہے غزہ کے تمام ہسپتالوں کو خالی کرنا تقریباً ناممکن ہے،بہت سے مریض وینٹی لیٹرز اور نوزائیدہ بچے انکیوبیٹرز میں ہیں۔

دوسری جانب اسرائیل فلسطین کشیدگی میں حالیہ اضافے کے بعد چین نے مشرق وسطیٰ میں 6بحری جنگی جہاز تعینات کر دئیے،چینی اخبار نے کہاعمان کی بحریہ کےساتھ مشترکہ مشقوں کے بعد چینی ٹاسک فورس نامعلوم مقام کی طرف روانہ ہوگئی ۔

برطانوی میڈیا نے خطے میں بڑھتی کشیدگی کے پیش نظر مشرق وسطیٰ میں چین کی جانب سے 6 بحری جنگی جہاز تعینات کرنے کو انتہائی غیر معمولی پیش رفت قرار دیتے کہا تعینات کیے گئے جہازوں میں ٹائپ 052 ڈی گائیڈڈ میزائل ڈیسٹرائر زیبو، فریگیٹ جنگ زہو اور سپلائی شپ چنڈاہو بھی شامل ہیں۔

مزید برآںغیرملکی میڈیا کے مطابق بائیڈن انتظامیہ نے بنجمن نیتن یاہو حکومت کو خبردار کیا ہے غزہ میں حماس کےساتھ لڑائی کے دوران لبنان میں حزب اللہ کےساتھ بڑے پیمانے پر جنگ چھیڑنے کی غلطی نہ کرے کیونکہ اقدام سے مشرق وسطیٰ کا پورا خطہ بحران کا شکار ہو سکتا ہے۔