لاہور (پ ر) گورنر پنجاب /چانسلر پنجاب یونیورسٹی بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی کیلئے نوجوانوں کا کردار اہم ہے اور نوجوان ملک کو نالج اکانومی کی جانب لے جانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں، پاکستان کا سب سے بڑا سرمایہ ہمارے نوجوان ہیں جن پر سرمایہ کاری سب سے بہترین سرمایہ کاری ہے۔، وہ پنجاب یونیورسٹی کے زیر اہتمام وزیراعظم یوتھ پروگرام سکیم فیز تھری کے تحت ہونہار طلباﺅطالبات کےلئے الرازی ہال میں منعقدہ لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
اس موقع پر وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر خالد محمود، رجسٹرار ڈاکٹر احمد اسلام، ڈائریکٹر جنرل انفارمیشن ٹیکنالوجی پرفیسر ڈاکٹر کامران عابد ہائر ایجوکیشن کمیشن کے انچارج ڈائریکٹر لاہور چوہدری غفور احمد ، پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے ممبران ، فیکلٹی ممبران اور طلباﺅطالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اپنے خطاب میں گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے کہا کہ نوجوانوں میں مہارتیں پیدا کرنے کی اس لئے ضرورت ہے تاکہ وہ پاکستان کے اندر اور پاکستان سے باہر ملک وقوم کا نام روشن کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ میرٹ ، توازن اور شفافیت سے ہی انسانیت اور پاکستان کا مستقبل جڑا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دور جدید میں ڈیجیٹل تقسیم بڑھ رہی ہے جن کے پاس ٹیکنالوجی تک رسائی ہے وہ آگے بڑھ رہے ہیں اور جن کے پاس نہیں وہ پیچھے رہ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سوفٹ وئیر ایکسپورٹس میں اضافہ ہو رہا ہے اور پاکستانی سوفٹ وئیر انجینئرز کی گیمنگ کی دنیا مداح ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ای لانسنگ ممالک میں پاکستان تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے جو کہ خوش آئند بات ہے۔
پاکستان کا سب سے بڑا اور قیمتی سرمایہ نوجوان ہے: گورنر پنجاب

















