سکول اوقات کار میں اساتذہ الیکشن سمیت کوئی ڈیوٹی نہیں دینگے، محسن نقوی

لاہور(خبر نگار،ایجوکیشن رپورٹر)نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے گورنمنٹ پائلٹ ہائر سیکنڈری سکول وحد ت روڈکا دورہ کرکے کلاس رومز کا معائنہ کیا اور طلبا سے ملاقات کی،محسن نقوی نے سکول کے دورے کے دوران بڑا فیصلہ کرتے ہوئے اساتذہ کی سکول اوقات کار میں الیکشن سمیت دیگر ڈیوٹی پر پابندی عائد کر دی۔

وزیر اعلیٰ محسن نے کہا سکول اوقات کار میں اساتذہ الیکشن سمیت کوئی بھی ڈیوٹی سرانجام نہیں دیں گے،نہیں ہو سکتا طلبا کلاس روم میں فارغ بیٹھے رہیں اور اساتذہ موجود نہ ہوں،طلبا کی درخواست پر وزیر اعلیٰ نے سکول کو ماڈل بنانے، کینٹین کی سہولت، کلاس رومز، گراﺅنڈ ،لان بہتر بنانے کا اعلان کردیا۔

محسن نقوی نے کہا طلبہ کو سپیڈو بس سروس میں رعایتی سفر کی سہولت دی جائےگی،محسن نقوی کلاس 6سی میں بھی گئے ،طلبا نے گفتگوکرتے ہوئے کہا اب اسلامیات پڑھائی جارہی ہے اور ہوم ورک بھی مل رہا ہے اور آپ کی ہدایت پر اسلامیات کا پیپر اب 16اکتوبر کو ہو گاجس کےلئے تیاری کر رہے ہیں ،وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے طلبا کی کاپیاں چیک کیں، ہوم ورک دیکھا اورمسائل پوچھے،طلبا نے وزیر اعلیٰ محسن نقوی کے ساتھ تصویریں بنوائیں ،آٹو گراف لئے۔

وزیراعلیٰ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاسنٹرل ماڈل اور پائلٹ سکول جیسے ادارے ماضی میں اپنی مثال آپ تھے،پائلٹ سکول جیسے اداروں کا معیار تعلیم بلند کرنے کےلئے کوششیں جاری ہیں،پنجاب میں 48ہزار سکول ہیں، سب کو بیک وقت ٹھیک کرنا ممکن نہیں،بہتری کیلئے ٹیم بنادی، لاہور کے سکولوں کو سنٹر آف ایکسی لینس بنانے کےلئے 20سے 25ارب درکار ہیں،پنجاب کے باقی سکولوں کو نظر انداز کر کے صرف لاہور کے سکولوں پر 20،25ارب لگانا مناسب نہیں ،سرکاری سکولو ں کی بہتری کیلئے انتظام و انصرام پرائیویٹ اداروں کو دیا جا رہا ہے۔

دریں اثنا وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا،کمشنر لاہور ڈویژن و ڈی جی ایل ڈی اے ،چیف ایگزیکٹو افسرسی بی ڈی نے منصوبوں پر ہونےوالی پیشرفت سے آگاہ کیا، وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں، ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل دی گئی ڈیڈ لائن پر یقینی بنائی جائے۔