مال روڈ کو” ڈسٹ فری ماڈل روڈ“ بنانے کی منظوری

لاہور ( خبر نگار)پنجاب حکومت کی شعبہ زراعت میں ریکارڈ ترقی ،وزیراعلیٰ محسن نقوی کی قیادت میں کپاس کے بعد چاول کی فصل میں بھی اہم سنگ میل عبور کر لیا،صوبے کی ضروریات پوری کرنے کے بعدپنجاب رواں سال 2ارب ڈالر کا چاول ایکسپورٹ کرےگا۔

پاکستان میں رواں سال مجموعی طورپر 3ارب ڈالر کاچاول برآمد کیاجائے گا،صوبائی وزیرصنعت وزراعت ایس ایم تنویر اور سیکرٹری زراعت وفاقی حکومت سے رابطہ کریںگے اورٹریڈنگ کارپوریشن سے کپاس کی فوری خریداری شروع کرنے کی درخواست کی جائے گی۔

محسن نقوی کی زیر صدارت وزیر اعلیٰ آفس میں خصوصی اجلاس ہوا ،فصلوں کی زیادہ پیداوار کے حصول کےلئے اہم اقدامات کی منظوری دی گئی،وزیراعلیٰ نے سیکرٹری زراعت ،ٹیم کو کاٹن کے بعد چاول میں اہم سنگ میل عبور کرنے پر شاباش دی،محسن نقوی نے کہااگلے 2سال میں پاکستان سے چاول کی برآمدات 5ارب ڈالر تک پہنچ سکتی ہےں،پنجاب میں رواں سال ماضی کی نسبت 125فیصد کپاس کی گانٹھیں زیادہ حاصل ہوںگی ،وزیراعلیٰ نے کپاس کے نرخ کے استحکام اور اضافے کےلئے اقدامات کی ہدایت کردی۔

دریں اثناپاکستان کے دل لاہور کی مرکزی شاہراہ قائد اعظم (مال روڈ) کو ڈسٹ فری ماڈل روڈ بنایاجائے گا۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے اجلاس کے دوران مال روڈ کو گرد سے پاک ماڈل روڈ بنانے کی منظوری دےدی،مال روڈ کے اطراف و گرین بیلٹ میں معیاری گھاس لگائی جائے گی، درختوں کی تعداد میں اضافہ کیاجائےگا،شہر میں بارش کے پانی کو محفوظ رکھنے کےلئے نئے واٹر ٹینکس بنائے جائیں گے،تاجروں کی مشاورت سے مال روڈ پر یکساں و خوبصورت سائن بورڈ لگیں گے،مال روڈ سے تجاوزات کاخاتمہ ،پارکنگ کے نظام کو بہترین بنایا جائے گا،صفائی انتظامات دنیا کے بہترین شہروں کے معیار کے مطابق ہوں گے،وزیراعلیٰ محسن نقوی نے مال روڈ کو ڈسٹ فری ماڈل روڈ بنانے کیلئے چند روز میں حتمی پلان طلب کر لیا۔