انجکشن سکینڈل میں ملوث افراد سے کوئی رعایت نہیں ہوگی،محسن نقوی

لاہور ( خبر نگار،ہیلتھ رپورٹر)نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے خالد بٹ چوک انڈرپاس اور گھوڑا چوک ڈیفنس موڑ فلائی اوور منصوبوں کا دورہ کیا،محسن نقوی نے دونوں منصوبوں پر کام کی رفتار کا جائزہ لیا۔

وزیر اعلیٰ نے تعمیراتی کاموں کے دوران ٹریفک کی روانی کےلئے بہترین انتظامات کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہامنصوبوں کو مقررہ وقت میں مکمل کرنے کےلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے ،بروقت تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے،محسن نقوی نے کہا دونوں منصوبوں کی تکمیل سے سنٹر پوائنٹ تا ڈیفنس موڑ سگنل فری کوریڈور بنے گا،یومیہ ایک لاکھ 80ہزار گاڑیوں کو آمد ورفت میں بے پناہ آسانی ملے گی، گلبرگ، کلمہ چوک، سی بی ڈی، کینٹ کیولری گراونڈ، ڈی ایچ اے اوروالٹن میں رہنے والے شہری مستفید ہو ں گے۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاخالد بٹ چوک انڈرپاس پراجیکٹ معیار کو برقرار رکھتے ہوئے جلد مکمل کر لیا جائے گا، کوشش ہے اکتوبر تک خالد بٹ چوک انڈر پاس شہریوں کےلئے کھول دیں، خالد بٹ چوک گلبرگ، ڈیفنس ، کینٹ کو لنک کرتا ہے، کوشش ہے گھوڑا چوک پراجیکٹ مقررہ وقت سے پہلے مکمل کر کے لاہور کے شہریوں کو خوشخبری دیں، دونوں پراجیکٹس پر دن رات کام جاری ہے، کوشش ہے معیارو ایس او پیز کو برقرار رکھتے ہوئے دونوں پراجیکٹس جلد مکمل کئے جائیں۔

محسن نقوی نے کہاانجکشن سکینڈل میں ملوث افراد سے کوئی رعایت نہیں ہوگی چاہے کوئی جتنا بھی با اثر ہو ا،متاثرین سے کیا وعدہ ہر صورت پورا کریں گے،رپورٹ چند دنوں میں آجائے گی، رپورٹ آنے تک قیاس آرائیاں کرنا نا مناسب ہے۔

دریں اثنا نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ تھری ،پنجاب قائد ڈسٹرکٹ پراجیکٹس کا فضائی دورہ کرکے تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا،محسن نقوی نے کہا رنگ روڈ سدرن لوپ تھری کی تکمیل سے عوام کو آمد و رفت کی بہترین سہولتیں ملیں گی،منصوبہ31دسمبر تک مکمل ہوجائے گا۔

مزیدبرآںنگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے گورنمنٹ سید مٹھا ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ کیا،آشوب چشم میں مبتلا عملہ آپریشن تھیٹر میںمریضوں کے علاج میں مصروف تھا،ایکسرے روم بند،مشین خراب تھی،بعض وارڈ زمیں اے سی نان فنکشنل تھے اوروارڈ ز کے باہرموجود الماریوں میں ریکارڈ رکھا ہوا تھا،خراب وگندگی سے بھرا واٹر فلٹریشن پلانٹ اور ہسپتال کی حالت زار دیکھ کر وزیراعلیٰ محسن نقوی نے شدید برہمی کااظہار کیا اورایم ایس کی سرزنش کی، ایم ایس کسی بھی سوال کا تسلی بخش جواب نہ دے سکے،محسن نقوی نے ہسپتال کے معاملات کو 7روز کے اندر بہتر بنانے کا حکم دےدیا۔

محسن نقوی نے سیکرٹری صحت کو بھی فوری طور پر سید مٹھا ٹیچنگ ہسپتال بلایا،ایمرجنسی،سٹیلائٹ فلٹر کلینک کارڈیالوجی،بچہ وارڈ ، ایکسرے روم، سی سی یو،ڈائیلسسز وارڈودیگر وارڈز کا معائنہ کیا،مریضوں کی عیادت کی اور فراہم کردہ طبی سہولتوں و مفت ادویات پر استفسار کیا،محسن نقوی نے بعض مریضوں کے علاج معالجے کےلئے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایات دیں۔

وزیراعلیٰ نے کہاہسپتال کے دورے کے دوران بہت سے ایشوز سامنے آئے ،جلد درست کیا جائے گاجبکہ وزیراعلیٰ نے میوہسپتال کے زیرتعمیر ایمرجنسی بلاک کا دورہ کیا ،اپ گریڈیشن کے تعمیراتی کاموں کا جائز ہ لیا،ایمرجنسی بلاک کی اپ گریڈیشن کے کام کو اعلیٰ معیار کےساتھ مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔