لاہور( خبر نگار)وزیر اعلیٰ پنجاب کادورہ کامیاب،ننشیا ،پنجاب حکومت میں 2معاہدے طے پا گئے ،ساہیوال، بہاولپور، ووژونگ، زونگ وئی کوسسٹر سٹیز قراردینے کی دستاویزات پر دستخط کئے گئے۔
پنجاب حکومت کی طرف سے ایس ایم تنویر نے معاہدوں پر دستخط کئے جبکہ ساہیوال و بہاولپورکے چینی شہروں سے روابط بر قرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا،معاہدوں کے تحت باہمی افہام و تفہیم بڑھانے کےساتھ ساتھ وفود کے تبادلوں و تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔
سسٹر سٹیز معیشت و تجارت، سائنس و ٹیکنالوجی میں باہمی معاونت کریں گے،سسٹر سٹیز تعلیم، زراعت، ہیلتھ، ثقافت اور سیاحت کے فروغ کیلئے تعاون کریں گے جبکہ سسٹر سٹیز کے سرکردہ حکام و متعلقہ محکمے باہمی دورے و مہارتوں کا تبادلہ کریں گے، دوستانہ تعلقات کو فروغ دینے کیلئے تمام شعبوں میں اشتراک کار کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہامعاہدے کے ثمرات سے پنجاب کے عوام مستفید ہوں گے۔
دریں اثنا نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے چین کے شہر ننشیا کی میڈیکل یونیورسٹی کا دورہ کرکے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا،وزیراعلیٰ وفد کے ہمراہ ننشیا میڈیکل یونیورسٹی پہنچے، وائس چانسلر و فیکلٹی کے سینئر ڈاکٹرز نے وفد کو ننشیا میڈیکل یونیورسٹی میں تعلیم و ریسرچ پر بریفنگ دی۔
محسن نقوی نے ننشیا میڈیکل یونیورسٹی کے مختلف شعبوں ،میڈیکل ایجوکیشن کے نظام ،ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کے شعبے کا خصوصی جائزہ لیا،یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران و ننشیا میڈیکل یونیورسٹی میں زیر تعلیم پاکستانی طلبہ سے ملاقات کی۔
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نے ننشیا میڈیکل یونیورسٹی میں شعبہ طب کی تعلیم میں جدت پسندی کی تعریف کرتے ہوئے کہا میڈیکل ایجوکیشن میں جدت لانا وقت کا تقاضا ہے، ننشیا میڈیکل یونیورسٹی میں میڈیکل ریسرچ پر شاندار کام ہو رہا ہے،محسن نقوی نے کہاننشیا میڈیکل یونیورسٹی کےساتھ ملکر پنجاب میں میڈیکل ایجوکیشن کا معیار بلند کریں گے، دورہ چین صرف دورہ نہیں بلکہ باہمی تعاون کو تیز رفتاری سے عوام کی بہتری کیلئے ٹرانسلیٹ کریں گے۔
ننشیا ،پنجاب حکومت میں 2معاہدے ،عوام مستفید ہوں گے،محسن نقوی

















