”ایک اور تاریخ“معمار پاکستان نوازشریف 21اکتوبر کو واپس لوٹیں گے،شہباز

لندن (مشرق نیوز)ایک اور تاریخ،صدر ن لیگ شہبازشریف نے 21اکتوبر کو سابق وزیراعظم نوازشریف کی وطن واپسی کااعلان کردیا۔

اپنے بیان میں صدر ن لیگ شہبازشریف نے کہاکارکن استقبال کی تیاریاں کریں،معمار پاکستان و رہبر عوام نواز شریف 21 اکتوبر کو وطن واپس تشریف لائیں گے،محسن عوام سابق وزیراعظم کا پاکستان آمد پر فقید المثال استقبال کیا جائےگا۔

بعدازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا نئی مردم شماری کے تحت انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، الیکشن کمیشن آئینی ذمہ داری ادا کرے، اپنے قائد کا لاہور میں استقبال کروں گا،نوازشریف نے ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا، 2018 کا جھرلو الیکشن نہ ہوتا تو پاکستان ترقی کے میدان میں بہت آگے ہوتا۔

سابق وزیراعظم نے کہاپورا پاکستان نوازشریف کی واپسی کا منتظر ہے، نواز شریف کی واپسی کے بعد دوبارہ ترقی کا سفر شروع ہو گا،نوازشریف اقتدار سے محروم نہیں ہوئے، عوام ترقی و خوشحالی سے محروم کر دیئے گئے، ترقی کا تسلسل 2018 کے جھرلو الیکشن سے توڑا گیا، نوازشریف کو سازش کے تحت اقتدار سے محروم کیا گیا۔

صدر ن لیگ نے مزید کہانوازشریف نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا، نوازشریف کو ایٹمی دھماکے نہ کرنے پر 5 ارب ڈالر کی آفر کی گئی، نوازشریف نے ایٹمی دھماکے کر کے کہا پہلے پاکستان کا مفاد ہے۔

اس موقع پر نواز شریف نے کہا رانا مقبول کی وفات کا سن کر بہت افسوس ہوا، رانا مقبول دیرینہ ساتھی تھے۔

قبل ازیں نواز شریف کی زیر صدارت ن لیگ کا اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا،عام انتخابات،نواز شریف کی پاکستان واپسی پر قانونی رکاوٹیں ودیگر اہم امور پر مشاورت کی گئی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں پیپلز پارٹی کا موقف بھی زیر بحث آیا،لیگی قیادت نے سابق اراکین اسمبلی، ٹکٹ ہولڈرز اور رہنماوں کو عوامی سطح پر مہم تیز کرنے کی ہدایت کردی،ذرائع کے مطابق نواز شریف 21 اکتوبر بروز ہفتہ لاہور لینڈ کریں گے۔