جیل ٹرائل ایسی چیزنہیں جو نہ ہوتی ہو، ہائیکورٹ، عمران درخواست پر فیصلہ محفوظ

اسلام آباد (بیورورپورٹ)سائفر کیس کی سماعت اٹک جیل میں کرنے کےخلاف چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ جبکہ چیف جسٹس اسلام ہائیکورٹ نے ریمارکس دئیے جیل ٹرائل کوئی ایسی چیزنہیں جو نہ ہوتی ہو۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے کیس پر سماعت کی ،چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل شیر افضل مروت نے وزارت قانون کا نوٹیفکیشن عدالت کے سامنے پڑھا،وکیل شیر افضل مروت نے دلائل میں کہا وزارت قانون نے کس قانون و کس اختیار کے تحت عدالت اٹک جیل منتقل کی، اسلام آباد سے ٹرائل کیسے پنجاب میں منتقل ہو سکتا ہے؟ ٹرائل کی دوسرے صوبے منتقلی قانونی طور پر صرف سپریم کورٹ کر سکتی ہے، چیف کمشنر یا سیکرٹری داخلہ کا اختیار نہیں ٹرائل دوسرے صوبے منتقل کریں۔

وکیل نے کہا اگر ٹرائل تبدیلی کرنی تھی تو ٹرائل جج سے پوچھنا تھا لیکن نہیں پوچھا گیا، چیئرمین پی ٹی آئی کو اٹک جیل میں رکھنے کی کوئی وجہ نہیں ،توشہ خانہ کیس میں ضمانت ہو چکی لیکن سابق وزیراعظم جوڈیشل حراست میں ہیں۔

شیر افضل مروت نے دلائل جاری رکھتے ہوئے کہا سماعت کا مقام تبدیل کرنے کے پیچھے بدنیتی ہے کیونکہ سماعت کا مقام تبدیل کرنے کے نوٹیفکیشن کا مقصد چیئرمین پی ٹی آئی کو اٹک جیل میں رکھنا تھا ،ابھی تک نہیں بتایا گیا نوٹیفکیشن کس قانون کے تحت جاری کیا گیا، توشہ خانہ کیس میں سزا معطلی کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی کو اٹک جیل میں نہیں رکھا جاسکتا ، آفیشل سیکرٹ کے تحت سویلین کا ٹرائل سپیشل کورٹ میں ہوتا ہے۔


ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل نے کہا جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن ایک مرتبہ کےلئے تھا ،نوٹیفکیشن جب ایک بارکےلئے تھا تو پٹیشن غیر موثر ہو چکی، رولز آف بزنس میں وزارت قانون کے پاس نوٹیفکیشن جاری کرنے کا اختیار ہے،منور اقبال دوگل نے کہا اس سے پہلے 2 ججز اسی بنیاد پر تعینات ہوتے رہے ، ایڈیشنل سیشن جج فیضان حیدر گیلانی بھی اسی طرح تعینات ہوتے رہے ،جج راجہ جواد عباس کی تعیناتی بھی اسی طرح ہی ہوئی ،ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا انسداد دہشتگردی عدالت کے جج کو سائفر عدالت کا اختیار دینا قانون کے مطابق ہے، فرسٹ کلاس مجسٹریٹ یا اوپر کے کسی بھی جج کو اختیار دیا جا سکتا ہے،پراسیکیوٹر ذوالفقار نقوی نے کہا عدالت کا مقام تبدیل کرنے کی درخواست غیرموثر ہو چکی۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دئیے اگر کل دوبارہ وہی نوٹیفکیشن کر دیا جائے تو یہی سوال متعلقہ ہو جاتا ہے، طے ہونا چاہیے عدالت کا مقام تبدیل کرنے کا اختیار کس کا ہے، درخواست غیرموثر ہونے والی بات سے اتفاق نہیں کرتا۔

پراسیکیوٹر ذوالفقار عباس نقوی نے کہا جوڈیشل ریمانڈ کےلئے ملزم کو عدالت کے سامنے پیش کرنا ضروری نہیں البتہ جب جسمانی ریمانڈ ہو تو ملزم کو پیش کیا جانا لازم ہے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامرفاروق نے ریمارکس دیئے جیل ٹرائل کوئی ایسی چیزنہیں جو نہ ہوتی ہو، جیل ٹرائل کا طریقہ کار کیا ہو گا بتائیں، پراسیکیوٹر ذوالفقار عباس نقوی نے کہا سائفر کیس کا ابھی ٹرائل نہیں ہو رہا۔

چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل شیر افضل مروت نے دلائل میں کہا جوڈیشل ریمانڈ میں بھی ملزم کو پیش کرنے سے کوئی استثنیٰ نہیں اگر پہلا آرڈر بلاجواز و غیر قانونی تھا تو نتائج تو ہوں گے، درخواست کے جواب میں کہہ دینا نوٹیفکیشن غیر موثر ہوگیا کافی نہیں، عدالت کے سامنے سوال ہے چیئرمین پی ٹی آئی کس قانون کے تحت اٹک جیل میں ہیں؟ آنکھیں تو بند نہیں کی جا سکتیں،شیر افضل مروت نے کہا کسی کے پاس کوئی قانونی جواب ہے؟ کیوں چیئرمین پی ٹی آئی اٹک جیل میں ہیں؟ ایک بار اٹک جیل کا نوٹیفکیشن ہوگیا کل کو لانڈھی جیل کا ہوجائے تو کیا وہاں جائیں گے؟ ایک اور درخواست پر فیصلہ محفوظ ہے لہٰذا استدعا ہے محفوظ فیصلہ سنایا جائے، فیصلوں میں تاخیر کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہو رہے ہیں۔

بعدازاں چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دئیے میں اس پر بھی آرڈر پاس کروں گا اورعدالت نے دلائل کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا،دوسر ی جانب قائمہ کمیٹی انسانی حقوق نے چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کا مطالبہ کردیا،سینیٹر فلک ناز نے کہا پتہ ہونا چاہیے چیئرمین پی ٹی آئی کس حالت میں ہیں، سینیٹر مشاہد نے کہا پرویز الٰہی بھی سیاسی قیدی ہیں، سب سیاسی قیدیوں سے ملاقات ہونی چاہیے،چیئرمین کمیٹی نے کہا جو قانون کے مطابق ہوگا ملاقات کےلئے اقدم اٹھائیں گے، سینیٹرز کی جانب سے مطالبہ آیا ہے،دیکھیں گے۔