عراق اور ایران کے درمیان ریل لنک منصوبے کے تعمیراتی کام کا افتتاح

بغداد (مشرق نیوز )عراق کے وزیراعظم محمد شیاع السودانی نے ہمسایہ ملک ایران سے ملانے والی پہلی ریلوے لائن کے تعمیراتی کام کا افتتاح کردیا ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق وزارت نقل و حمل کے ایک عہدہ دار کے مطابق بصرہ،چلمجا ریلوے لائن منصوبہ عراق کے جنوبی شہر بصرہ کو چلمجا سرحدی کراسنگ کے ذریعے ایران کے وسیع ریلوے نیٹ ورک سے منسلک کرے گا۔ایک اندازے کے مطابق اس منصوبے کی تکمیل میں 18 سے 24 ماہ لگیں گے۔وزیر اعظم محمد شیاع السودانی نے اپنی تقریر میں کہا کہ اس کا مقصد اسلامی جمہوریہ ایران اور وسط ایشیائی ممالک کے مسافروں کو شیعہ مقدس شہروں تک لے جانے کے قابل بنانا ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ یہ منصوبہ 2021میں معاہدے تک پہنچنے سے پہلے کئی سال سے زیر بحث تھا۔