اسلام آباد(بیورورپورٹ) چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہاہے انتخابات کے تمام مراحل آئین و قانون کی روشنی میں مکمل کریں گے،الیکشن کمیشن غیر جانبدار ادارہ ہے۔
سندھ و بلوچستان میں عام انتخابات پر اجلاسوں کا اعلامیہ جاری کر دیاگیا،اعلامیے کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت سندھ ،بلوچستان کے الگ الگ اجلاس ہوئے، چیف سیکرٹریز ،آئی جیز اجلاسوں میں شریک ہوئے۔
الیکشن کمیشن نے سندھ میں پوسٹنگ ٹرانسفر و ہدایات نظر انداز ہونے پر مایوسی کا اظہار کیا،چیف سیکرٹری و آئی جی سندھ نے الیکشن کمیشن کو مکمل تعاون کا یقین دلایا۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا شفاف وغیرجانبدار انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی بنیادی ذمہ داری ہے، سندھ میں افسروں کی ٹرانسفر، پوسٹنگ اہم معاملہ ہے،پوسٹنگ ٹرانسفر انتخابات کی شفافیت کی طرف پہلا قدم ہے۔
آئی جی بلوچستان نے صوبے میں امن وامان کی صورتحال پر بریفنگ دی، چیف سیکرٹری بلوچستان نے کہاسیلاب متاثرہ مجوزہ پولنگ سٹیشنز کی بلڈنگز کی مرمت یقینی بنا رہے ہیں۔
دریں اثنا الیکشن کمیشن نے بلوچستان عوامی پارٹی کو بدھ کو مدعو کرلیا،عام انتخابات پرمشاورت ہوگی۔
دوسری جانب ادارہ شماریات نے الیکشن کمیشن کو ساتویں خانہ و مردم شماری پر تمام مطلوبہ معلومات فراہم کردیں،ڈاکٹر نعیم الظفر کی زیر صدارت اجلاس میں تمام مطلوبہ معلومات ای سی پی کے حوالے کی گئیں۔
مطلوبہ معلومات میں مردم شماری، چارجز سرکلز و بلاکس کے گزٹ نوٹیفکیشن شامل ہیں، ڈیجیٹائزڈ نقشوں کے رنگین پرنٹ مردم شماری بلاک کے لحاظ سے اعداد و شمار بھی معلومات کاحصہ ہیں۔
انتخابات کے تمام مراحل آئین وقانون کی روشنی میں مکمل کرینگے،چیف الیکشن کمشنر
















