لاہور (نمائندہ خصوصی) پیپلز پارٹی بر وقت انتخابات کےلئے ہر قانونی حربہ استعمال کرے گی ،الیکشن کمیشن آرٹیکل 224 کو اوور رول نہیں کر سکتا،ان خیالا ت کا اظہار پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات شہزاد سعید چیمہ نے منور انجم اور فیصل میر کیساتھ سینٹرل سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس خطاب کرتے ہوئے کیا۔
شہزاد سعید چیمہ نے کہا پرزور مطالبہ کرتے ہیں الیکشن کا انعقاد وقت پر ہونا چاہیے اگر کسی بہانے سے تاخیر ہوئی تو آئین شکنی ہوگی،شہزاد سعید چیمہ نے کہامعاشی بحران بڑھتا جا رہا ہے،عام آدمی کےلئے زندگی گزارنا مشکل ہوگیا۔
فیصل میر نے کہا نواز شریف اور مریم سے درخواست ہے تاخیر سے الیکشن کرانے کا مشورہ دینے والوں سے بچ کر رہیںاگر نواز شریف نے مشورہ دینے والوں کی بات مانی تو پھر شہباز شریف،احسن اقبال و دیگر دوبارہ انتخابات میں حصہ لے لیں گے لیکن نواز شریف ،مریم نواز حصہ نہیں لے سکیں گے، فیصل میر نے کہا نواز شریف کو چاہیے وہ 90روز کے اندر انتخابات پر پیپلز پارٹی کا ساتھ دیں تبھی ملکی سیاست میں واپس آ سکتے ہیں۔
نوازشریف کو سیاست میں واپس آنا ہے تو بروقت انتخابات پر ساتھ دیں،پیپلز پارٹی
















