خود کش حملہ آورجہنم کے کتے ،خوف کا شکار نہیں،مقابلہ کریں گے،نگران وزیراعظم

کراچی(بیورورپورٹ)نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے دہشت گردوں کو دو ٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا خود کش حملہ آورجہنم کے کتے ہیں، حملوں سے خوف یا تھکاوٹ کا شکار نہیں، غلط فہمی دور کرلیں، ہتھیار نہیں ڈالیں گے، مقابلہ کریں گے،انتہا پسندی و عدم برداشت سے ہر قیمت پر لڑیں گے، شرپسندوں کے آگے کبھی بھی سرنڈر نہیں کریں گے،اپنا گھر اپنے انداز میں چلائیں گے۔

کراچی میں معروف کاروباری شخصیات سے خطاب اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیراعظم نے کہاگزشتہ روز وزیرستان میں10جوانوں نے جام شہادت نوش کیا، جنگیں افراد، آرمی چیف یا وزیراعظم نہیں بلکہ قومیں لڑتی ہیں، شہادتیں دینے والے پولیس، رینجرز اور فوج کے جوان بیٹے ہیں، خدمات کا صلہ تنخواہ نہیں، عزت و تکریم ہے۔

انوار الحق کاکڑ نے کہا معصوم جانیں لینا کسی طور جائز قرار نہیں دیا جاسکتا، دہشت گرد گمراہ تھے اور گمراہ ہیں، خودکش حملہ آور جہنم کے کتے ہیں، خارجیوں کیلئے کھلا پیغام ہے تم میں لمبے عرصے تک لڑائی کی سکت نہیں، اپنے شہدا کی قربانی بھولیں گے نہ آئندہ قربانی سے گریز کریں گے،کسی خیرات پر لڑائی نہیں لڑ رہے، مجاہدوں کی جو گولیاں چل رہی ہیں وہ آپ کا پیسہ ہے، مسلح افواج کی قربانیوں کا صلہ عزت و تکریم ہے۔

نگران وزیراعظم نے مزید کہا دہشت گردوں کو خوش فہمی ہے کسی طاقت کے یہاں سے چلے جانے سے استقامت ملی ہے تو استقامت میں جلد تبدیلی لے آئیں گے۔