کور کمیٹی میں پھوٹ،پی ٹی آئی غداروں نے میری جان خطرے میں ڈال دی ،وکیل شیر افضل

اسلام آباد(بیورورپورٹ)پی ٹی آئی کور کمیٹی میں پھوٹ،2گروپ آمنے سامنے ، ایک دوسرے کےخلاف سخت جملوں کا تبادلہ کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق کور کمیٹی میٹنگ کی تفصیلات و ریکارڈنگ باہر نکلنے پر پی ٹی آئی رہنماوں کی جانب سے ایک دوسرے پر الزامات لگائے گئے، ایک دوسرے کو غدار تک قرار دےدیا،کئی پی ٹی آئی اراکین کی رائے تھی کور کمیٹی اجلاس میں اب سنجیدہ معاملات پر گفتگو نہیں ہو سکتی۔

ممبر کور کمیٹی نے کہاعمر ایوب ، شبلی فراز اجازت دیں تو پارٹی کے اندر غدار کی نشاندہی کردوں گا،کور کمیٹی میں غدار قرار دینے والے ممبر سے عمر ایوب مسلسل رابطوں میں ہیں،ذرائع کے مطابق عمر ایوب ،شاہ محمود قریشی کے درمیان بھی چیئرمین پی ٹی آئی کا جانشین بننے کےلئے کوششیں تیز ہو گئیں۔

دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل شیر افضل مروت نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا پی ٹی آئی غداروں نے میری جان خطرے میں ڈال دی ،ناراضی کے باوجود غداروں کی نشاندہی کروں گا،سیاست دان نہیں پروفیشنل وکیل ہوں، میں تفریح یا سسپنس کےلئے مزید دشمن بنانے کی خواہش نہیں رکھتا۔

شیرافضل مروت نے مزید کہا پارٹی میں موجود غداروں کو چیلنج کرنے کےلئے بڑے حوصلے کی ضرورت ہے، مجھے نتائج بھگتنا ہوں گے، چاہے کچھ بھی ہو، اپنی جنگ اکیلے ہی جاری رکھوں گا

ادھر پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم کے رکن شیر افضل مروت ایڈووکیٹ کے بیان پر پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت نے نوٹس لے لیا،اعلامیے میں کہا گیا شیر افضل مروت ایڈووکیٹ کے تاثرات کی مکمل چھان بین کا فیصلہ کرلیا، پارٹی سیاسی جدوجہد کے نازک ترین دور سے گزر رہی ہے۔

ترجمان تحریک انصاف نے کہا چیئرمین کی منظوری سے کور کمیٹی فیصلہ سازی کر رہی ہے، قانونی ٹیم قائدین، کارکنوں کے حصول انصاف کیلئے کوشاں ہے،اعلامیے میں مزید کہا گیاشیر افضل مروت کو تاثرات کا اظہار پارٹی پلیٹ فارمز پر کرنا چاہیے تھا، شیر افضل کے خیالات کو نجی تاثرات کے زمرے میں رکھ کرجائزہ لیا جائے گا۔