ڈیجیٹل مردم شماری کا فیصلہ چیلنج کرینگے،سپریم کورٹ بار

اسلام آباد(بیورورپورٹ)سپریم کورٹ بار نے ڈیجیٹل مردم شماری کا فیصلہ چیلنج کرنے کا اعلان کردیا۔

اعلامیے میں کہا گیاڈیجیٹل مردم شماری کی منظوری کا فیصلہ جلد سپریم کورٹ میں چیلنج کیا جائےگا، ملک بھر میں آئین کے تحفظ و قانون کی حکمرانی کےلئے پرامن احتجاج کی کال دینگے۔

سپریم کورٹ بار نے 2023 کی مردم شماری کے تحت انتخابات کرانے کے حکومتی فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے کہا حکومتی فیصلہ انتخابات میں تاخیر کا سبب بنے گا، بروقت انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی بنیادی ذمہ داری ہے، الیکشن کمیشن آئینی طور پر 90 روز میں انتخابات کرانے کا پابند ہے۔

اعلامیے میں مزید کہا گیامشترکہ مفادات کونسل ، وفاقی حکومت کے فیصلوں میں نگران وزیراعلیٰ کی شمولیت غیر آئینی ہے، نگراں حکومت کا کام صرف شفاف انتخابات کرانا ہے، انتخابات میں تاخیری حربے جمہوریت و قانون کی حکمرانی کمزور کرنے کے مترادف ہیں، آبادی میں اضافے کی بنیاد پر قومی و صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں کی تعداد میں اضافے کےلئے آئینی ترمیم درکار ہے۔

سپریم کورٹ بار نے کہاتمام سیاسی جماعتیں اختلافات ایک طرف رکھ کر شفاف انتخابات کےلئے کردار ادا کریں، شفاف انتخابات سے ہی جمہوریت، استحکام اور قانون کی حکمرانی ہوگی۔