اسلام آباد (بیورورپورٹ)وزیر اطلاعات ونشریات مریم اور نگزیب نے کہا ہے 2018 میں ترقی کرتا پاکستان چھوڑ کر گئے ،4سال ملک کے اندر معاشی بدحالی تھی،وزیراعظم شہبازشریف نے ملک کو معاشی استحکام دیا، چند ماہ میں میگا ترقیاتی منصوبے کسی معجزے سے کم نہیں، تنقید کرنےوالے بالٹی ڈبہ، کنستر لےکر عدالت میں پیش ہوتے ہیں ،عوام سے آنکھیں نہیں ملا سکتے،ان خیالات کااظہار انہوں نے بارہ کہو بائی پاس منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
مریم اورنگزیب نے کہاوزیراعظم نے 10ماہ کی قلیل مدت میں منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچایا،ہزاروں مریض، ایمبولینسیں، نوجوان روزانہ سڑک سے سفر کرتے ہیںاگر کام 15 ماہ میں ہو سکتا ہے تو 4 سال میں کیوں نہیں ہوئے، اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کی مثال نہیں ملتی۔
دریں اثنا وزارت اطلاعات و نشریات اور سٹیٹ لائف انشورنس کے مابین صحافیوں ،فنکاروں کی ہیلتھ انشورنس کےلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہاصحافیوں ، فنکاروں کی ہیلتھ انشورنس وزیراعظم شہباز شریف کا تاریخ ساز فیصلہ ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا نواز شریف دور میں ہیلتھ انشورنس کارڈ کی بنیاد رکھی گئی، صحافیوں ،فنکاروں کو ہیلتھ انشورنس کی فراہمی اسی سلسلے کی کڑی ہے،15ماہ کی مختصر مدت میں صحافیوں کی بہبود کےلئے قانون سازی کی، کم از کم اجرت کو حکومتی بزنس کے ساتھ جوڑا،وزیراعظم شہباز شریف 7اگست کو ہیلتھ انشورنس کارڈ کا اجراکریں گے۔
تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے معیشت و توانائی بلال اظہر کیانی، وفاقی سیکرٹری اطلاعات سہیل علی خان، پرنسپل انفارمیشن افسر مبشر حسن، چیئرمین سٹیٹ لائف انشورنس شعیب جاوید سمیت دیگر نے شرکت کی۔
چند ماہ میں میگا ترقیاتی منصوبے معجزے سے کم نہیں،مریم اورنگزیب
















