تشدد کاشکار ملازمہ بچی کی حالت نازک،48گھنٹے اہم،ظالم رعایت کے مستحق نہیں،شہبازشریف

لاہور،اسلام آباد(کرائم رپورٹر،بیورورپورٹ)تشدد کاشکار ملازمہ بچی کی حالت نازک،48گھنٹے اہم،وزیراعظم نے نوٹس لیتے ہوئے کہاظالم و قانون شکن رعایت کے مستحق نہیں۔

پرنسپل پوسٹ گریجویٹ کالج پروفیسر الفریدظفر نے کہاطبیعت اچانک بگڑ نے پر رضوانہ کو دوبارہ آکسیجن لگا دی ،ماہر امراض چیسٹ ڈاکٹر عرفان ملک نے آکسیجن میں کمی کے باعث رضوانہ کی برونکوسکوپی کی ، رضوانہ کے ایک پھیپھڑے میں انفیکشن ،دوسرے میں خون کے کلاٹ تھے۔

پروفیسر الفریدظفر نے مزید کہابچی کے خون میں انفکیشن کی بیماری سارے جسم میں پھیل چکی ، رضوانہ کے پلیٹ لیٹس 12ہزار سے بڑھ کر 24 ہزار ہوگئے ، جسم میں خون کی شرح 7 ہے،رضوانہ کی والدہ نے اپنی بیٹی کو زہر دینے کا خدشہ ظاہر کیا جس پر زہر کا ٹیسٹ بھی کرا لیا ، رپورٹس آنے پر ہی کچھ واضح ہوگا۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے 14 سالہ بچی رضوانہ پر گھریلو تشدد کا نوٹس لیتے ہوئے متاثرہ بچی کے والدین کو انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کرادی،وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا معاشرہ ایسی اندھیر نگری اور ظلم و جبر کا متحمل نہیں ہو سکتا، پولیس کسی دباو¿ کو خاطر میں لائے بغیر قانون پر سختی سے عمل کرے۔

شہباز شریف نے کہاظالم و قانون شکن کسی رعایت کے مستحق نہیں ، قانون پر عمل درآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے، ملزم کون ہے خاطر میں نہ لایا جائے، متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

وزیراعظم نے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کو بھی بچی کو علاج کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی۔