ڈنمارک میں قرآن جلانے سے متعلق مظاہروں پر پابندی عائد کرنے پرغور

کوپن ہیگن (مشرق نیوز) ڈنمارک کی حکومت نے کہا ہے کہ وہ مخصوص حالات میں مقدس کتابوں کو نذر آتش کرنے سے متعلق مظاہروں کو روکنے کیلئے قانونی طریقے تلاش کرے گی۔اس نے ڈنمارک اور سویڈن میں قرآن مجید کی بے حرمتی کے واقعات پر ردعمل کے بعد سکیورٹی خدشات کا حوالہ دیاہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ڈنمارک کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اس طرح کے مظاہروں میں انتہا پسندوں کا ہاتھ کارفرما ہے اور حکومت ایسے حالات میں مداخلت کرنا چاہتی ہے جہاں دوسرے ممالک، ثقافتوں اور مذاہب کی توہین کی جا رہی ہے اور جہاں اس کے ڈنمارک پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ یقینی طور پر آئینی طور پر محفوظ آزادی اظہار کے فریم ورک کے اندر اور اس انداز میں کیا جانا چاہیے جس سے اس حقیقت کو تبدیل نہ کیا جائے کہ ڈنمارک میں اظہار رائے کی آزادی کا دائرہ بہت وسیع ہے۔مسلمانوں کی مقدس کتاب کی بے حرمتی سے متعلق حالیہ مظاہروں نے مشرق اوسط اور دونوں نارڈک ممالک میں سفارتی تنا ﺅکو بڑھا دیا ہے۔ڈنمارک کی حکومت کا کہنا تھا کہ مظاہرے اس سطح پر پہنچ چکے ہیں کہ براعظموں میں،دنیا کے کئی حصوں میں ڈنمارک کو ایک ایسے ملک کے طور پر دیکھا جا رہا ہے جو دوسرے ممالک کی ثقافتوں، مذاہب اور روایات کی توہین اور تضحیک کی سہولت فراہم کرتا ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ کچھ کارروائیوں کابنیادی مقصداشتعال دلانا تھا اور اس کے اہم نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔ڈنمارک اور سویڈن کے سفیروں کو مشرق اوسط کے کئی ممالک میں طلب کیا گیا ہے۔سویڈش وزیر اعظم الف کرسٹرسن نے کہا کہ وہ اپنے ڈنمارک کے ہم منصب میٹ فریڈرکسن کے ساتھ قریبی رابطے میں ہیں اور سویڈن میں بھی اسی طرح کا عمل پہلے ہی جاری ہے اور ہم نے پہلے ہی قانونی صورت حال کا تجزیہ کرنا شروع کر دیا ہے۔کرسٹرسن نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں کہا کہ دنیا بھر میں سویڈن کی قومی سلامتی کو مضبوط بنانے کے اقدامات پر غور کیا جارہا ہے۔