عافیہ کی رہائی کےلئے ہر ممکن تعاون کر رہے ہیں ،اعظم نذیر تارڑ

اسلام آباد (بیورورپورٹ)سینیٹر مشتاق نے کہا ہے عافیہ صدیقی کی امریکی جیل میں حالت انتہائی تشویشناک ہے ،عافیہ صدیقی کےخلاف کوئی ٹھوس الزامات نہیں ،بدنام زمانہ جیل سے منتقل کرایا جائے۔

سینٹ میں توجہ دلاﺅ نوٹس پر سینیٹر مشتاق نے کہامعاملہ اٹھانے پر ٹی ایل پی کا شکریہ ادا کرتا ہوں ،حکومت نے ابھی تک ٹی ایل پی معاہدے پر عملدرآمد نہیں کیا،عافیہ صدیقی کے اوپر ملاقات کی پابندی لگائی گئی ۔

جواب میں وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کےلئے ہر ممکن تعاون فراہم کر رہے ہیں اور مستقبل میں بھی تعاون فراہم کیا جائےگا،عافیہ صدیقی کا معاملہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہے، وزیر خارجہ معاملے پر ایوان میں پالیسی بیان دیں گے، پاکستانی شہریوں کے حقوق کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے، عافیہ صدیقی پاکستانی شہری ہیں ،معاملہ قانون کے مطابق حل کرنا چاہیے۔