اسلام آباد (بیورورپورٹ)چیئرمین پی ٹی آئی کرپٹ پریکٹس کے مرتکب ،احتساب سے کسی فرد کو استثنیٰ حاصل نہیں، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے توشہ خانہ کیس قابل سماعت ہونے کا تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا ،18 صفحات پر تفصیلی فیصلہ مشتمل ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور نے جاری کیا۔
فیصلے میں کہا گیاالیکشن کمیشن کے 2022ءکے فیصلے کے مطابق ملزم کےخلاف قانونی کارروائی کی ڈائریکشن دی، سیکرٹری الیکشن کمیشن کی جانب سے اتھارٹی لیٹر بھی شکایت کےساتھ لگایا گیا، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کو الیکشن کمیشن نے شکایت دائر کرنے کا اختیار دیا،عدالت کے مطابق ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر وقاص ملک تقریباً ہر سماعت پر ذاتی یا اپنے وکیل سعد حسن کے ذریعے عدالت پیش ہوئے، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کی پیشی سے ظاہر ہوتا ہے الیکشن کمیشن نے شکایت دائر کرنے کا اختیار دیا۔
پبلک آفس ہولڈرز کے ہر عمل کی تفصیلات کو دیکھنا عدالت کا دائرہ اختیار ہے،الیکشن کمیشن آئینی ادارہ ، انتخابات کےساتھ کرپٹ پریکٹس کو روکنا بھی آئینی فریضہ ہے، الیکشن کمیشن کی جانب سے اتھارٹی کا لفظ استعمال کرنے کا مطلب چیئرمین پی ٹی آئی کےخلاف شکایت دائر کرنے کی ڈائریکشن ہے، احتساب سے استثنیٰ کسی فرد کو حاصل نہیں، بالخصوص جب فراڈ کی بات ہو۔
عدالت کے مطابق الیکشن کمیشن کا 2022 کا فیصلہ اور اتھارٹی لیٹر شکایت دائر کرنے کا ثبوت ہے، سیکشن 190 شکایت دائر کرنے پر کوئی حد نافذ نہیں کرتا، سیکشن 137(4) کے مطابق ممبر اپنے غلط اثاثہ جات جمع کرائے تو 120 دنوں میں شکایت درج کی جا سکتی ہے،سیکشن 167 کرپٹ پریکٹس، سیکشن 173 جھوٹی سٹیٹمنٹ اور سیکشن 174 کرپٹ پریکٹس کی سزا کا تعین کرتا ہے، شکایت درج کرنے کی حد نہیں لکھی ہوئی، تاخیر شکایت کو ختم کرنے کےلئے استعمال نہیں کی گئی، الیکشن کمیشن کی سکروٹنی کے باعث شکایت درج نہیں کی گئی،عدالت کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی نے الیکشن کمیشن کو ریفرنس بھیجا، ریفرنس کے مطابق سیکشن 167 کے تحت چیئرمین پی ٹی آئی کرپٹ پریکٹس کے مرتکب ہوئے۔
ریفرنس کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن میں جھوٹی سٹیٹمنٹ جمع کرائی،شکایت درج کرنے کی حد ملی جلی ہے ،تعین ٹرائل کے دوران ہوسکتا ہے، دائر شکایت پر وقت کی کوئی حد نہیں، چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست مسترد کی جاتی ہے،تحریری فیصلے میں ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور نے مختلف عدالتی کیسوں کا بھی حوالہ دیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی کرپٹ پریکٹس کے مرتکب ،احتساب سے کسی فرد کو استثنیٰ نہیں،توشہ خانہ کیس قابل سماعت ہونے کا تفصیلی فیصلہ
















