سفارتی نااہلی سے پاکستان دنیا میں تنہا، امریکہ میں تعینات ” ٹرائیکا“ کی تبدیلی کا مطالبہ زور پکڑ گیا

نیویارک (خواجہ فاروق) جلوس نکالو، مظاہرے کرو، کوئی کچھ نہیں بگاڑ سکتا، وزارت خارجہ میں کام کرنےوالے افسر اور ڈپلومیٹ اپنی تعیناتی کی مدت مکمل کرنے کے بعد ہی تبدیل ہوتے ہیں، ملک میں ہونےوالی سیاسی تبدیلی بھی اثر انداز نہیں ہوسکتی۔ ان خیالات کا اظہار امریکہ میں تعینات ”ٹرائیکا“ نے پاکستانیوں سے ملاقات میں غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے کیا،گفتگو سن کر پاکستانی امریکن ششدر رہ گئے۔ ذرائع کے مطابق امریکہ میں تعینات ”ٹرائیکا “نے مفادات کے حصول اور اپنی پوزیشن مضبوط بنانے کیلئے پاکستانی امریکن ، صحافیوں اور کشمیریوں کو 2 دھڑوں میں تقسیم کردیا، پی ٹی آئی دور میں بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کیا تو امریکہ میں نااہل ”ٹرائیکا“ کی وجہ سے پاکستانی و کشمیری کسی قسم کا احتجاج کرنے میں کامیاب نہ ہوسکے جس پر امریکہ میں موجود بھارتی لابی نے خوشی کا اظہار کیا اور پاکستانی سفارتی عملے کو اندرون خانہ سراہنے کا پیغام بھجوایا۔ بتایا جاتا ہے پی ٹی آئی حکومت کے دوران مسئلہ کشمیر پر سخت موقف رکھنے والی ممتاز صحافی و دانشور ڈپلومیٹ کو سازش کے تحت تبدیل کیا گیا، یواین او کی ایک اعلیٰ افسر نے مشرق سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پاکستانی سفارتی عملے کی نااہلی کے باعث بھارتی خارجہ پالیسی بہت مضبوط اور امریکہ بھارت کےساتھ کھڑا ہے، پاکستان دنیا میں تنہا ہورہا ہے، دنیا پاکستان کے کسی بھی موقف کو ماننے کےلئے تیار نہیں۔ انہوں نے مزیدکہا کہ پاکستان کاایک سفیر کو ہٹانے کے بعد دوبارہ تعینات کرنا دنیا بھر میں اپنا مذاق اُڑانے کے مترادف ہے۔ پاکستانی امریکن وکشمیریوں نے ”مشرق“ سے بات چیت کرتے ہوئے چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر، وزیر اعظم شہبازشریف اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو سے اپیل کی ہے امریکہ میں تعینات ”ٹرائیکا“ سفیر سردار مسعود، اقوام متحدہ میں مستقل مندوب منیر اکرم اور قونصل جنرل نیویارک عائشہ علی کو فوری تبدیل کیا جائے، سفارتی نااہلی کی تحقیقات کیلئے خصوصی کمیشن قائم کرکے مالی بے ضابطگیوں کا حساب لیا جائے، پاکستانی امریکن و کشمیریوں نے وزارت اطلاعات و نشریات کی افسروں ڈاکٹر ملیحہ شاہد اور مریم شیخ کی تبدیلی کا بھی مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ٹرائیکا و سفارتی عملے نے اپنے دفاتر کے دروازے عوام کےلئے بند کررکھے ہیں، چند نام نہادشخصیات و صحافیوں کو نوازا جاتا ہے، پاکستان سٹیٹ کے اہلکار اور افسر بھی اپنی فیملی کو امریکہ میں سیٹل کرنے میں مصروف رہتے ہیں، ملکی مفاد کی کوئی پرواہ نہیں، مسئلہ کشمیر پر سرد مہری لمحہ فکریہ ہے،کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دینے والے قائداعظمؒ کی روح بھی تڑپ رہی ہو گی، پاکستانی امریکن و کشمیریوں نے کہا امریکہ سمیت پوری دنیا میںملک و قوم کا درد رکھنے اور مسئلہ کشمیر کو حقیقی معنوں میں اجاگر کرنے والوں کو تعینات کیا جائے تاکہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت مل سکے۔ پاکستانی امریکن و کشمیریوںنے حسین حقانی، ڈاکٹر ملیحہ لودھی کو جمہوریت پسند، سچا پاکستانی اور کشمیریوں سے محبت کرنےوالی ڈپلومیٹ قرار دیا۔