پنجاب ، 1719 ارب کا بجٹ منظور، تنخواہوں میں 30 فیصد اضافہ

لاہور (مشرق نیوز) نگراں پنجاب حکومت نے 1719 ارب روپے کے بجٹ کی منظوری دےدی۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں بجٹ کی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 30 فیصد اور پنشن میں 5 فیصد اضافے جبکہ 80 سال سے زائد عمر کے پینشنرز کی پنشن میں 20 فیصد اضافے کی منظوری دےدی۔ بجٹ میں جاری اخراجات میں 4 ماہ کیلئے 721 ارب روپے ، پنشن کیلئے 116 ارب روپے، ترقیاتی منصوبوں کیلئے 325 ارب روپے، کیپٹل اخراجات کیلئے 277 ارب اور اکاو¿نٹ فوڈ میں 395 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ ذرائع آمدن کے حصول کیلئے 579 ارب روپے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ صوبائی محاصل میں 393 ارب اور نان ٹیکس میں 186 ارب روپے مختص کئے گئے۔ سیلز ٹیکس میں 240 ارب، نیٹ ہائیڈل پرافٹ میں 30 ارب کا تخمینہ ہے۔ وزیر صنعت و تجارت و توانائی ایس ایم تنویر نے کہا کہ پنجاب میں انفارمیشن ٹیکنالوجی سے متعلق بزنسز پر سیلز ٹیکس ختم کر دیا گیا، اسٹامپ ڈیوٹی پر ٹیکس ایک فیصد رکھا گیا، 65 ارب روپے زراعت کےلئے رکھے گئے ہیں، صحت و تعلیم کے بجٹ میں 31 فیصد اضافہ کیا گیا۔ نگران وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر نے بجٹ کی منظوری کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی نگران کابینہ کے آرٹیکل 126 کے تحت چار ماہ کے آمدن اور اخراجات کی منظوری دےدی ہے، کوئی نیا ٹیکس عائد نہیں کیا گیا، صوبہ پنجاب 194 ارب روپے اپنے طور پر اکٹھے کرےگا ، پنجاب میں ایک ارب روپے سے جرنلسٹ انڈومنٹ فنڈ قائم کر دیا گیا ہے۔