نیویارک (خواجہ فاروق) واشنگٹن میں پاکستانی ایمبسی، نیویارک میں قونصلیٹ آفس اور اقوا م متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب کے دفتر نے پی ٹی آئی حکومت کی روش پر چلتے ہوئے اوورسیز پاکستانیوں کی زندگی اجیرن بنا دی۔ دیار غیر میں مقیم تمام پاکستانی مسائل کے حل کیلئے خوار ہو کررہ گئے،کوئی پرسان حال نہیں، اوورسیز اگر کسی کام کیلئے فون کریں تو کئی کئی دن تک فو ن نہیں اٹھایا جاتا اگر کبھی عملہ غلطی سے فون اٹھا لے تو فوری کال کاٹ دی جاتی ہے، امریکہ میں تعینات تمام سفارتی عملہ ملک وقوم کیلئے کام کرنے کی بجائے صرف سیروتفریح اور ذاتی کاموں میں مصروف ہے۔ اوورسیز پاکستانی سالہا سال سے کسی مسیحا کے منتظر ہیں۔ روزنامہ ”مشرق“ سے گفتگو کرتے ہوئے اوورسیز پاکستانیوں نے کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر کے پاکستانی دفاتر میں مبینہ طور پر صرف کرپٹ مافیا کا غلبہ ہے، دنیا کے سپرپاور ملک امریکہ میں اگر پاکستانیوں کے مسائل حل نہیں ہوسکتے تو باقی ممالک میں کیا حال ہوگا، حکومت کو بار بار شکایات کرکے تھک گئے کوئی شنوائی نہیں ہورہی، امریکہ بھر میں تعینات افسر وعملہ صرف ذاتی کاموں اور خاندانوں کو نوازنے کیلئے سرگرم عمل ہے، اوورسیز پاکستانیوں سے ملنا تو دور بات کرنا تک گوارا نہیں کیا جاتا، تمام افسروں و عملے کو ملک و قوم کا بھی کوئی خیال نہیں،اپنی بدترین نااہلی چھپانے کیلئے کمیونٹی کو تقسیم کیا جا رہا ہے، مقصد سب کو مسائل میں الجھا کر اپنے کام سیدھے کرنا ہے، اوورسیز نے مزید کہا کوئی بھی کام بغیر پیسوں کے ہونا خواب ہے،انہوں نے کہا خود کو قانون سے بالاتر سمجھنے والی قونصل جنر ل نیویارک عائشہ علی تبادلے کے باوجود بدستور سیٹ پر براجمان ہیں اور برملا کہتی ہیں حکومت ہمارے خلاف کوئی ایکشن نہیں لے سکتی، امید تھی نئی اتحادی حکومت آنے کے بعدملکی معیشت کی مضبوطی میںکردار ادا کرنے والے اوورسیز کے مسائل حل ہوں گے اور خصوصی اہمیت دی جائےگی لیکن تمام امیدیں خاک ہوگئیں،مسائل حل نہ ہونا لمحہ فکریہ ہے، اوورسیز پاکستانیوں نے مطالبہ کیاآرمی چیف جنرل سید عاصم منیر اوورسیز پاکستانیوں کی آواز بنیں اور فوری نوٹس لیکرنااہل وکرپٹ افسروں کو فارغ کرکے محب وطن اور پاکستانیوں و کشمیر یوں سے درد دل رکھنے والوں کو تعینات کرائیں، آرمی چیف کا اقدام تاریخ میں ہمیشہ سنہری حروف میں لکھا جائےگا، خدارا! حکومت بھی حرکت میں آئے اگر فوری نوٹس نہ لیا گیا تو دیار غیر میں بسنے والے پاکستانی متنفر ہوجائیں گے۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ واشنگٹن ڈی سی میں تعینات ایمبیسڈر سردار مسعود احمد نیویارک یو این او ہیڈکوارٹر میں تعینات مستقل مندوب منیر اکرم اور کونسل جنرل عائشہ علی برملا کہتے ہیں۔ وزارت خارجہ کے افسران ڈپلومیٹ کو تین یا چار سال کےلئے لگایا جاتا ہے اور وہ اپنی پالیسی کے مطابق کام کرتے ہیں۔ وہ سیاسی حکومتوں کے ایجنڈے پر کام نہں کرتے، یہ سیاسی حکومتیں اپنے کاروبار مال بناو¿ پالبسی پر کام کرتی ہیں اور وہ انکی سیاسی تقریروں اور بیانات کو سیریس نہں لیتے ۔ ہم فارن آفس والے صرف اسٹیبلشمنٹ کو خوش رکھنے میں ہی اپنی مضبوطی سمجھتے ہیں اور اپنی نوکری اور پوسٹنگ کی کوئی پروا نہں ہوتی۔ سیاسی حکومتیں بھی اسٹیبلشمنٹ کی مرہون منت ہوتی ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) اور محب وطن پاکستانی اور کشمیری امریکن مخلص کارکنوں نے ان افسران کو تاحال تبدیل نہ کرنے پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے چیف آف آرمی سٹاف سے اپیل کی ہے کہ ڈپلومیٹ اپنی نااہلیوں اور کرپشن کا ملبہ اسٹیبلشمنٹ پر ڈال کر انکی عوام میں بے توقیری کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں تعینات ڈپلومیٹس کی تطہیر کرنے کےلئے کمیشن بنایا جائے اور کشمیر اور پاکستان سے محبت رکھنے والے ڈپلومیٹس کو تعینات کیا جائے تاکہ پاکستان کا وقار دنیا میں نمایاں ہو۔
سفارتکاروں کی نااہلی، امریکہ میں مقیم اوورسیز پاکستانیوں کی زندگی اجیرن، مسائل کا حل خواب

















