عازمین کا استقبال اور غلاف کعبہ پر بریفنگ کیلئے نیا روبوٹ متعارف

ریاض (مشرق نیوز) المسجد الحرام اور المسجد النبوی کے امور کے ادارہ کے سربراہ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس کی جانب سے سروس میں جدید ٹیکنالوجی کو فعال کرنے کے اعلان کے بعد سے حرمین شریفین میں مختلف مقامات پر روبوٹ کی آمد معمول بن گیا ہے۔ حرمین شریفین کے امور کے ادارہ نے اب اپنے اکانٹ سے ایک روبوٹ کی ویڈیو شائع کی ہے جو کنگ عبدالعزیز کمپلیکس میں غلاف کعبہ کی تیاری دیکھنے کیلئے آنے والے افراد کا استقبال کرتا ہے اور پھر غلاف کعبہ اور اس کی تیاری سے متعلق مکمل بریفنگ دیتا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق کنگ عبدالعزیز کمپلیکس میں غلافِ کعبہ کی تیاری کے امور کے عمومی صدر کے اسسٹنٹ انجینئر سلطان بن عاطی القرشی نے بتایا کہ جدید ترین تکنیکی ذرائع اور بہترین مواد کو بروئے کار لا کر اور خانہ کعبہ کی عظیم حیثیت کی وجہ سے غلاف کی تیاری اور بنائی کیلئے خصوصی اوزار تیار کیے جاتے ہیں۔ کعبہ کا غلاف جسے کسوہ بھی کہا جاتا ہے کو تیار کرنے کی اس فیکٹری میں روبوٹ کی آمد زیادہ سے زیادہ سمارٹ ٹیکنالوجی کے سفر کا آغاز ہے۔یہ روبوٹ حجاج کرام کو کسوہ کی تیاری کے کنگ عبد العزیز کمپانڈ کے مختلف حصوں کے متعلق وضاحت فراہم کرتا ہے۔ ان حصوں میں خانہ کعبہ کا کچھ سامان موجود ہے۔