قومی اسمبلی،شرپسندوں کیخلاف آرمی ایکٹ کے تحت جلد کارروائی کی قرارداد منظور

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) قومی اسمبلی نے 9 مئی کے شرپسندوں کےخلاف کیسز ملٹری ایکٹ کے تحت چلانے کی قرار داد منظور کرتے ہوئے کہا ایک سیاسی جماعت و چیئرمین نے 9 مئی کو آئین و قانون کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے فوجی تنصیبات پر حملے کئے ، ملک ،ریاست و ریاستی اداروں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا،تمام شواہد موجود ہیںلہٰذا آئین و قانون کے مطابق ایک دن کی بھی تاخیر کئے بغیر کارروائی مکمل کی جائے۔

قرارداد وزیر دفاع خواجہ آصف نے ایوان میں پیش کی او ر کہا9 مئی کو منصوبے کے تحت فوجی تنصیبات ،شہدا کی یادگاروں پر حملے کئے گئے، میانوالی ایئر بیس پر 85 جہاز موجود تھے ،جلانے کی کوشش کی گئی، واقعات کے تمام شواہد موجود ہیں۔

خواجہ آصف نے کہا جو قانون کتابوں میں موجود ہے اسی کے تحت ملٹری کورٹس میں ٹرائل ہوں گے، فوجی تنصیبات پر حملے عبدالاکبر چترالی برداشت کر سکتے ہیں، پاکستانی نہیں ،وزیر دفاع کی جانب سے پیش کر دہ قرار داد میں کہا گیا کہ ایوان کی رائے ہے شرپسندوں کیخلاف کارروائی فوری مکمل کی جائے، جماعت وسربراہ کی پاکستان دشمن کارروائیوں کا بوجھ اپنی جماعت کے رہنما و کارکن بھی نہیں اٹھا رہے ،لاتعلقی کا اظہار کر رہے ہیں جس سے اس امر کی توثیق ہوئی جماعت وسربراہ کا ایجنڈا ملک دشمنی پر مبنی ہے۔

ایوان قرار دیتا ہے شرپسند و مجرم عناصر کےخلاف کارروائی کے دوران کسی قسم کی انسانی حقوق کی خلاف ورزی نہیں کی گئی ،سیاسی جماعت کے الزامات و پروپیگنڈا لغو، جھوٹ ،بہتان بازی پر مبنی ہیں ،کسی قسم کی صداقت نہیں ،واقعات میں ملوث تمام افراد کو پاکستان آرمی ایکٹ 1952 کے تحت بلا تاخیر کارروائی مکمل کر کے سزا دلوائی جائے ۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آرمی تنصیبات پر حملہ کرنےوالوں کو سزا دینا دفاعی فورسز کا حق ہے،شہدا کی یادگاروں کی توہین کوئی پاکستانی برداشت نہیں کر سکتا،ملوث افراد کےخلاف قانون کے مطابق کارروائی ہو گی،وزیر دفاع نے کہا کہ نوازشریف، یوسف رضا گیلانی کے پاس اپیل کا کوئی راستہ نہیں تھا لیکن 9مئی کے ملزموں کے پاس 3اپیلوں کا حق ہے۔وائٹ ہاوس، کیپٹل ہل پر حملہ کرنےوالوں کو 18،18 سال قید کی سزائیں سنائی گئیں،امریکہ، یورپ والوں کو غزہ کے اندر انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں نظر نہیں آتیں، 50 لوگوں کے مارے جانے کا پراپیگنڈا کیا گیا، کہا جا رہا ہے یہ نہیں فلاں قانون اپلائی کریں، پوری دنیا میں فوجی تنصیبات پر حملوں کے کیس فوجی عدالتوں میں چلتے ہیں، کوئی نیا قانون نہیں بنایا ،پہلے سے موجود ہے۔

خواجہ آصف نے کہاجہاں دہشت گردی ہو گی وہاں دہشت گردی قانون کے تحت کیس چلے گا، جہاں 16 ایم پی او کے تحت کیس چلنا ہے اسی کے مطابق چلے گا،نظام بہت حد تک کمپرومائزڈ ہو چکا ، پارلیمنٹ کے اختیارات پر جو تجاوز کیا گیا وہ بھی سب کے سامنے ہے،سوموٹو قانون کی کوئی اپیل نہیں، قانون سازی کوعدلیہ نے ہولڈ پر رکھ دیا،پاکستان 9 مئی کے لوگوں کے خلاف اپنی سالمیت کی جنگ لڑ رہا ہے، ایک جماعت ملکی یکجہتی کےخلاف کام کر رہی ہے، ملک کے اندر اور باہر سے پروپیگنڈا کی بھرمار ہے۔

دریں اثناسینٹ نے 9مئی کو دفاعی تنصیبات و نجی املاک پرحملوں، آتشزنی ، توڑ پھوڑ کے شرمناک واقعات کیخلاف مذمتی قرارداد منظور کرتے ہوئے مطالبہ کیاواقعات کے مجرموں ، منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور اُکسانے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے، مادر وطن کےلئے شہدا کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائےگا۔

وزیر مملکت برائے قانون و انصاف شہادت اعوان اور سینیٹر کہدہ بابر کی جانب سے علیحدہ علیحدہ قرارداد پیش کی گئی،قرارداد میں کہا گیا ایوان جناح ہاﺅس لاہور، شہدا اور قومی ہیروز کی یادگاروں، نجی عمارتوں ،فوجی تنصیبات ، ریڈیو پاکستان پشاور پر حملوں کی مذمت کرتا ہے اور پرتشدد کارروائیوں پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کرتا ہے کہ واقعات کے مجرموں، منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور اُکسانے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

قرارداد میں مادر وطن کو تمام اندرونی اور بیرونی خطرات سے بچانے میں مسلح افواج کی خدمات کو شاندار خراج تحسین پیش کیا گیا۔