آئی ایم ایف معاہدے کیلئے پرامید، خدانخواستہ کوئی گڑبڑ ہوئی تو قوم بہت مضبوط ہے،وزیراعظم

اسلام آباد (بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی تمام شرائط پوری کردیں، امید ہے اچھی خبریں ملیں گی، خدانخواستہ کوئی گڑبڑ ہوئی تو قوم بہت مضبوط ہے،9 مئی کو شرپسند جتھوں نے ریاستی رٹ کو چیلنج کیا ،ریاست کےخلاف سنگین اقدامات کی منصوبہ بندی کے ٹھوس شواہد موجود ہیں۔

ترک میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا ترک صدر رجب طیب اردگان کو حالیہ انتخابات میں زبردست کامیابی پر مبارکباد دیتا ہوں، ترکیہ کے عوام نے اپنی رائے کا اظہار کیا اور مزید 5 برس کےلئے مینڈیٹ دیا، پاکستان کے عوام شاندار پیشرفت پر بہت خوش ہیں،اپنے بھائی طیب اردگان کےساتھ ملکر کام کروں گا وہ صاحب بصیرت رہنما ہیں، امید ہے برادرانہ، باہمی مشاورتی و اقتصادی تعاون کے شعبوں میں تعلقات مزید بلندیوں کو پہنچیں گے،رجب طیب اردگان کے منصب سنبھالنے سے دونوں ممالک کے عوام مزید قریب ہوں گے، پاک ترکیہ باہمی تجارتی حجم گہرے برادرانہ تعلقات کا آئینہ دار ہونا چاہیے۔

وزیراعظم نے کہامیں نے انتہائی مشکل حالات میں وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالا ،پاکستان دیوالیہ کے دہانے پر تھا کیونکہ آئی ایم ایف کےساتھ معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی تھی، معیشت ٹوٹ پھوٹ کا شکارپھر تباہ کن سیلاب کا سامنا کرنا پڑا، بین الاقوامی حالات کی وجہ سے تیزی سے بڑھتی مہنگائی بھی درپیش تھی، تمام صورتحال کا مقابلہ کیا اور بہترین انداز میں نمٹنے میں کامیاب رہے،پاکستان کو فیٹف کی گرے لسٹ سے نکلوانے میں کامیاب رہے، بلا خوف و تردد کہہ سکتا ہوں بے پناہ چیلنجز کے باوجود کامیابی سمیٹی۔

شہبازشریف نے کہا نویں جائزے کےلئے تمام شرائط پوری کردیں، امید ہے اچھی خبریں ملیں گی،ٹیلی فون پر آئی ایم ایف مینجنگ ڈائریکٹر سے اچھی بات چیت بہت مثبت انداز میں اختتام پذیر ہوئی، مجھے یقین ہے پروگرام حقیقت کا روپ دھارے گا، خدانخواستہ کوئی گڑبڑ ہوئی تو قوم بہت مضبوط ہے،کمر کس لیں گے اور اپنے پیروں پر کھڑے ہوں گے۔

عمران خان کی گرفتاری کے سوال پروزیراعظم نے کہا عمران خان کرپشن کے سنگین الزامات پر گرفتار ہوئے، قانون کو نمٹنا ہی تھا، عمران خان سچے تھے تو حقائق سامنے لاتے اور عدالت سے کلین چٹ لے لیتے، انہوں نے اپنی گرفتاری کے خلاف شدید ردعمل دینے کےلئے خود اپنے لوگوں کو اکسایااب قانون اپنا راستہ اپنا رہا ہے، 9 مئی کو شر پسند جتھوں نے ریاستی رٹ کو چیلنج کیا،فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کو آرمی ایکٹ کے تحت سزا ملے گی۔

دریں اثناوزیر اعظم شہباز شریف سے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی قیادت میں معاشی ٹیم نے ملاقات کی،معاشی ٹیم نے وزیر اعظم کو اقتصادی سروے برائے مالی سال2022-23پیش کیا ،وزیر اعظم نے معاشی ٹیم کی گزشتہ ایک برس میں ملکی معیشت کے استحکام و ترقی کیلئے کوششوں کو سراہا اور کہاگزشتہ حکومت کے چھوڑے گئے معاشی چیلنجز و تاریخی سیلاب کے باوجود معاشی ٹیم کی خدمات قابل ستائش ہیں،حکومت آئندہ بجٹ میں زرعی شعبے ،انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جدت پر خطیر سرمایہ کاری کرے گی۔

، وزیر اعظم نے کہاچھوٹے کسانوں کو اعلیٰ معیار کا بیج ،خودکار زرعی مشینری سے لیس کیا جائےگا،شہبازشریف نے ہدایت کی آئندہ بجٹ میں چھوٹے کسانوں کیلئے بلاسود قرضوں کے پروگرام میں توسیع کی جائے،فی ایکڑ زیادہ پیداوار حاصل کرنےوالے کسانوں کو حکومت انعام سے بھی نوازے گی۔

علاوہ ازیں وزیراعظم شہبازشریف نے نوجوانوں، خواتین ،کسانوں کی ترقی کے انقلابی پروگرام بجٹ میں شامل کرنے کی منظوری دے دی ،خصوصی منصوبوں کےلئے رقم مختص کر دی گئی ،نوجوانوں کوبلاسود قرض ملیں گے، تعلیم و سپورٹس انڈومنٹ فنڈ بنائے جائیں گے،وزیراعظم نے پنجاب انڈومنٹ فنڈ کی طرز پر”پاکستان انڈ منٹ فنڈ برائے تعلیم“قائم کرنے کی بھی منظوری دےدی،فنڈ سے ملک بھر کے ذہین لیکن غریب طلبا وطالبات کو وظائف دئیے جائیں گے۔

نوجوانوں کوآئی ٹی سمیت مختلف ہنر سکھانے کے لئے وسائل بجٹ میں رکھے گئے ہیں ،ایک لاکھ مفت لیپ ٹاپ کی فراہمی کےلئے رقم بھی بجٹ میں مختص کردی گئی ،آئی ٹی شعبے میں نیا کاروبار شروع کرنےوالے نوجوانوں کی مالی مدد کی جائے گی،زرعی ٹیوب ویلز کی شمسی توانائی پر منتقلی وزیراعظم کے کسان پیکیج کے دوسرے حصے کے طورپر کی جائےگی۔