پینے کے صاف پانی کے مکمل ہونےوالے منصوبوں کو فعال کیا جائے،کمشنر ساہیوال

ساہیوال (ببیورورپورٹ)کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید آج عنائت الٰہی کالونی میں مکینوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کے ایک بڑے منصوبے کا افتتاح کریں گے جس کے تحت22سو گھرانوں کو پانی فراہم ہو گا،منصوبے سے 15ہزار سے زائد آبادی مستفید ہو گی، منصوبہ شہر میں جاری پسپ پروگرام کے تحت مکمل کیا گیا ہے جس پر 4کروڑ روپے سے زائد لاگت آئی ہے۔ انہوں نے پسپ پروگرام کے سٹی منیجراسجد خان اور چیف آفیسر اشفاق احمد کو ہدایت کی شہر کے باقی علاقوں میں بھی پینے کے صاف پانی کے مکمل ہونے والے منصوبوں کو فعال کیا جائے تاکہ عوام ان سے مستفید ہو سکیں۔

انہوں نے سبزی اور فروٹ منڈیوں کی نیلامی کے بعد چرچ روڈ اور ملحقہ سڑکوں پر دوپہر تک صفائی نہ ہونے اور تجاوزات برقرار رھنے پر بھی ناراضگی کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ پھلوں اور سبزیوں کی نیلامی کے بعد صبح7بجے تک تمام تجاوزات ہٹا کر صفائی مکمل کر لی جائے۔ انہوں نے طارق بن زیاد کالونی سمیت پسپ پروگرام کے تحت اکھاڑی گئی سڑکوں کی تعمیر نو بھی فوری مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ قبل ازیں کمشنر شعیب اقبال سید نے ٹیچنگ ہسپتال ساہیوال کا بھی دورہ کیا اور ہسپتال میں صفائی کا جائزہ لیااور انتظامیہ کو صفائی کے انتظامات مزید بہتر کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ہسپتال میں قائم ڈینگی کاونٹرز پر سہولیات، او پی ڈی اور ایمرجنسی میں علاج معالجے کی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ڈاکٹرز کو ہدایت کی کہ اپنی بہترین صلاحیتوں سے مریضوں کا علاج کریں اور مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔