لاہور (ہیلتھ رپورٹر) نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے سروسز انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں منعقدہ میڈیکل ایجوکیشن کانفرنس میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر پرنسپل سروسزانسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل، وائس پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر طیبہ وسیم، پروفیسر عبدالمجید چوہدری، ڈاکٹر عامر مفتی، پروفیسر محمود شوکت، پروفیسر شہزاد انور و دیگرفیکلٹی ممبران کے علاوہ طلباءوطالبات کی کثیرتعدادشریک ہوئی۔ پرنسپل سروسز انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسزپروفیسرڈاکٹرفاروق افضل نے نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم کو گلدستہ بھی پیش کیا۔ پرنسپل سروسز انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسزپروفیسرڈاکٹرفاروق افضل نے اپنے استقبالیہ خطبہ کے دوران تمام مہمان گرامی کی آمدپرشکریہ ادا کیا اور میڈیکل ایجوکیشن کانفرنس کے انعقادکے مقاصدبیان کئے۔ ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ پرنسپل سروسزانسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسزکی زیرقیادت سمز میں بچوں کو انتہائی عمدہ تعلیمی ماحول مہیا کیا جا رہا ہے۔ میڈیکل ایجوکیشن میں ایک استاداور طالبعلم کا رشتہ سب سے قریبی اور مضبوط ہوتا ہے۔ طب کی دنیا میں میڈیکل ایجوکیشن خاص اہمیت اختیار کرچکی ہے۔ ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ ایک اچھا استادایک اچھا لیڈر بھی ہوتا ہے۔ کوئی بھی ڈاکٹراحساس کے بغیر اچھا معالج نہیں بن سکتا۔ صوبائی وزیر صحت نے کہاکہ ہمیں ہسپتال میں آنے والے ہروالدکواپناوالدسمجھ کراس کا بہتر علاج کرنا چاہئے۔ میڈیکل ایجوکیشن پڑھانے کیلئے لیڈرشپ بھی آنی چاہئے۔ دنیا میں سب سے بہترین کتا ب قرآن پاک ہے جس کی لکھاری خود خداکی ذات ہے۔حضرت محمدکی زندگی ہم مسلمانوں کیلئے مشعل راہ ہے۔ ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ لیڈرز ہمیشہ لیڈرز ہی پیدا کرتے ہیں۔ ہمیں اللہ تعالیٰ سے اپنا رشتہ انتہائی مضبوط بنانا چاہئے۔ صوبائی وزیر صحت نے کہاکہ پنجاب بھرمیں آرٹیفشل انٹیلی جنس کے نظام کا آغازکرچکے ہیں۔ ہم راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف یورولوجی، نشترٹواور بزدارانسٹیٹیوٹ کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کررہے ہیں۔ بعدازاں نگران صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے میڈیا نمائندوں سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی کمی کو پورا کرنے کیلئے آن لائن ایپ کا آغاز کیا گیا ہے۔ پوری دنیا میں میڈیکل ایجوکیشن پر خاص توجہ دی جا رہی ہے۔ ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ ہمیں ڈاکٹرز کی کمیونی کیشن سکلز کو بہتر کرنا ہوگا۔ وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیرقیادت صوبہ بھر میں نگران حکومت عوام کیلئے بے تحاشا آسانیاں پیدا کررہی ہے۔ صوبائی وزیر صحت نے کانفرنس کے انعقاد پر سمزکی انتظامیہ کو مبارکباد دی۔ پرنسپل سروسز انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے کہا کہ میڈیکل ایجوکیشن کانفرنس کا بنیادی مقصد اپنی سکلز کو بہتر بنانا ہے۔ پوری دنیا میں میڈیکل ایجوکیشن کی بہتری کیلئے کام ہورہا ہے، ہمارے لئے سب سے اہم ہمارے مریض ہیں۔ پرنسپل سروسز انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم سمیت تمام مہمانان گرامی کی آمد پر شکریہ ادا کیا۔ وائس پرنسپل سروسزانسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسزپروفیسر ڈاکٹر طیبہ وسیم نے کہاکہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ آج ہمارے درمیان پروفیسر عبدالمجید چوہدری اور ڈاکٹر جاوید اکرم جیسے اساتذہ موجود ہیں۔
سرکاری ہسپتالوں میں ادویات سپلائی کیلئے آن لائن ایپ کا آغاز کردیا :ڈاکٹر جاوید اکرم

















