اسلام آباد (مشرق نیوز) آڈیو لیکس پر قائم جوڈیشل انکوائری کمیشن نے لیک شدہ آڈیو کی تحقیقات شروع کرتے ہوئے تمام آڈیوز کے فرانزک ٹیسٹ کرانے اور کارروائی پبلک کرنے کا اعلان کر دیا۔ آڈیو لیکس جوڈیشل کمیشن کا پہلا اجلاس کمیشن کے سربراہ اور سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس قاضی فائز عیسٰی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ جوڈیشل کمیشن نے اٹارنی جنرل پاکستان سے تمام آڈیوز کے ٹرانسکرپٹ طلب کرلئے، آڈیوز میں شامل تمام افراد کے نام، پتے اور رابطہ نمبرز بھی طلب کرلئے گئے۔ کمیشن نے اٹارنی جنرل کو تمام ریکارڈ 24 مئی سے پہلے جمع کروانے کی ہدایت کی۔ اجلاس کے دوران اٹارنی جنرل نے کمیشن کے نوٹی فکیشن کے ٹی او آرز اور اختیارات پڑھ کر سنائے، جوڈیشل کمیشن نے اپنا سیکرٹریٹ سپریم کورٹ میں قائم کرلیا۔ اٹارنی جنرل سے ایک موبائل اور سم بھی کمیشن کارروائی کیلئے طلب کی۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج ہونے کی وجہ سے میرے کچھ آئینی فرائض بھی ہیں، میں سپریم جوڈیشل کونسل کا بھی ممبر ہوں، جوڈیشل کمیشن میں پیش ہونےوالا کوئی بھی ملزم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم پر بھاری بوجھ ہے تمام پیش ہونے والوں کو احترام دیا جائےگا، چاہتے ہیں کہ کمیشن جلد اپنی کارروائی مکمل کرے۔ اٹارنی جنرل عثمان منصور اعوان کمیشن میں پیش ہوئے۔ جسٹس قاضی فائز عیسی نے پوچھا کہ کمیشن کس قانون کے تحت تشکیل دیا گیا؟ اس پر اٹارنی جنرل نے کہا کہ یہ کمیشن، انکوائری کمیشن ایکٹ 2016 کے تحت تشکیل دیا گیا۔ کمیشن کے سربراہ نے اٹارنی جنرل کو کمیشن کیلئے آج ہی موبائل فون اور سم فراہم کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ جوڈیشل کمیشن کیلئے فراہم کردہ فون نمبر پبلک کیا جائےگا۔ دریں اثنا جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے اجلاس کے دوران آڈیو لیکس جوڈیشل کمیشن کی کارروائی پبلک کرنے کا اعلان کر دیا۔ فائز عیسیٰ نے انکوائری کمیشن کا دائرہ اختیار بھی واضح کر دیا اور کہا کہ انکوائری کمیشن سپریم جوڈیشل کونسل نہیں ہے، کمیشن اپنی تمام کارروائی اسلام آباد سپریم کورٹ میں کرے گا، اگر کسی گواہ یا فریق نے ان کیمرا کارروائی کی درخواست کی تو مناسب حکم دیا جائے گا، صرف کچھ بزرگ خواتین کے بیانات لینے کے لیے ممکن ہیں لاہور جائیں۔
جوڈیشل کمیشن کا آڈیو لیکس کے فرانزک ٹیسٹ کرانے اور کارروائی پبلک کرنے کا فیصلہ
















