کرپشن چارجز پر سزائے موت دی جائے تو بدعنوانی کاخاتمہ ہوجائے،جسٹس عدنان اقبال

لاہور(کورٹ رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس عدنان اقبال نے کہا ہے کرپشن چارجز پر سزائے موت دی جائے تو بدعنوانی کاخاتمہ ہوجائے،تحقیقی افسرزاور پراسیکیوٹرز زیادہ تربیت یافتہ نہیں اور نہ ہی ججز کی وائٹ کالر جرائم پر زیادہ تربیت ہے۔

لاہور میں 2 روزہ جوڈیشل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس عدنان اقبال نے کہاایڈیشنل سیشن ججز کو بطور سپیشل جج تعینات کرکے وائٹ کالر کرائم کا ٹرائل کر رہے ہیں، نیب نے اپنے پراسیکیوٹر کامضبوط سروس سٹرکچر نہیں بنایا،چیئرمین نیب کو کہا پراسیکیوٹرز کا باقاعدہ سروس سٹرکچر بنائیں لیکن ابھی تک ایسا نہیں ہوا۔

عدلیہ اور فوج کے اکاﺅنٹبلٹی کے اپنے قوانین ہیں ہائی کورٹس میں اپنے قواعد ہیںلیکن سب کو جامع قانون بنانا ہو گا جس کے تحت سب کا احتساب ہو، قانون کی بالادستی یقینی بنانے کےلئے آئین پر عمل کرنا ہو گا، رول آف لا اور رول بائے لا میں بہت فرق ہوتا ہے اگر پاکستان میں کرپشن چارجز پر سزائے موت کی سزا رکھی جائے تو پاکستان سے کرپشن کا خاتمہ ہو جائے۔

چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ نعیم اختر افغان نے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان بین الاقوامی سطح پر مصالحتی کیسسز میں بہت پیچھے ہے،چیف جسٹس اور فارن آفس کو درخواست کروں گا ججز و دیگر افسروں کی بین الاقوامی ٹریننگ کرائیں،کرپشن میں ملوث شخص کو خدا کاخوف نہیں۔