مکمل حساب دینے کو تیار:سیکرٹ فنڈ مجرموں کیخلاف آپریشنز میں استعمال ہوگا: آئی جی پنجاب

لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس کے سیکریٹ فنڈ کی تفصیلات جاری کردیں۔پولیس کے سیکریٹ فنڈ سے متعلق بیان میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ حکومت کے فراہم کئے گئے سیکریٹ فنڈ کی کوئی جواب طلبی نہیں تاہم موجودہ پولیس قیادت نے فنڈ کے استعمال کو خفیہ نہیں رکھا۔ فنڈز کا تمام ریکارڈ ہر ہفتے پولیس ایگزیکٹو بورڈ کی میٹنگ میں پیش کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جب پنجاب پولیس کے سربراہ کا چارج سنبھالا تو سیکرٹ فنڈ میں3 کروڑ 82لاکھ،47ہزار 500روپے موجود تھے۔ کچہ آپریشن رحیم یار خان کے آغاز میں 8لاکھ اور ایس ایس پی انویسٹی گیشن لاہور کو ایک خاص پراجیکٹ کیلئے 5 لاکھ روپے دئیے گئے۔ حساس تنصیبات اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے اقدامات کیلئے 5لاکھ، 18ہزار 620 روپے خرچ کئے گئے۔آئی جی پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ آپریشنز اور انویسٹی گیشنز کے اہلکاروں کو 18لاکھ 25ہزار روپے دئیے گئے۔ سی آئی اے لاہور کو 2لاکھ روپے دے کر انتہائی خطرناک گینگ کا خاتمہ کیا گیا جبکہ کچہ آپریشن میں مزید 10لاکھ روپے خرچ کئے گئے۔ڈاکٹر عثمان انور کے مطابق ان تمام اخراجات کے بعد 3کروڑ 34لاکھ 3ہزار880روپے کی باقی رقم سیکرٹ فنڈ اکاﺅنٹ میں موجود ہے۔ یہ سیکرٹ فنڈ خطرناک مجرموں اور دہشت گردوں کے قلع قمع کے آپریشنل اخراجات کےلئے استعمال ہوگا۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ تمام رقم کا حساب ہر ہفتے ہونے والے ایگزیکٹو بورڈ میٹنگ اور آئندہ عوام کے سامنے بھی پیش کیا جائےگا۔ حکومت سے ملنے والے ہر ایک روپے کا حساب دینا ہماری ذمہ داری ہے جس کےلئے تیار ہیں۔