پولیس ملازمین کے ہیلتھ ویلفیئر فنڈز کو بیس سے بڑھا کر تیس گنا کر دیا:آئی جی پنجاب

لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے پولیس ملازمین کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے انقلابی اقدامات جاری ہیں اور اسی حوالے سے آئی جی پنجاب نے خصوصی پیغام جاری کر دیا ہے۔ فورس کے نام جاری ویڈیو پیغام میں آئی جی پنجاب نے بتایا کہ پولیس ملازمین کے ہیلتھ ویلفیئر فنڈز کو 20 گنا سے بڑھا کر 30 گنا کر دیا گیا ہے اور اس وقت پولیس افسران اور ملازمین کی ہیلتھ ویلفیئر پر ماضی کی نسبت دو ہزار فیصد زیادہ خرچ کئے جا رہے ہیں،آئی جی پنجاب نے کہا کہ مختلف پراجیکٹس سے حاصل آمدن کے ذریعے سپاہ کی ویلفیئر پر 140 کروڑ روپے سے زیادہ خرچ کر رہے ہیں، ڈاکٹر عثمان انور نے بتایا کہ رواں برس بہتر پراجیکٹ انوسٹمنٹ کے ذریعے انشااللہ 200 کروڑ روپے سے زائد آمدنی حاصل ہو گی اور اگلے سال پولیس ملازمین کی ہیلتھ ویلفیئر پر پہلے سے زیادہ فنڈز صرف کئے جائیں گے، ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پولیس ملازمین اور ان کے اہل خانہ بالخصوص بچوں کی ویلفیئر ہماری ذمہ داری ہے اس لیے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس پٹرول پمپس، زمینوں دیگر وسائل سے حاصل آمدن کو بہتر مینجمنٹ اور سرمایہ کاری سے کئی گنا بڑھایا گیا ہےاور زائد آمدن کو پولیس فورس اور انکے اہل خانہ کی ویلفیئر پر استعمال کیا جا رہا ہے۔ دریں اثناء انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ لاہور کا دورہ کیا اور کالج میں زیر تربیت 02 ہزار سے زائد خواتین ریکروٹس کو دوران لیکچر فیلڈ چیلنجز سے عہدہ براہ ہونے کی گائیڈ لائن دی، آئی جی پنجاب نے کہا کہ سمارٹ پولیسنگ کے لئے جدید ٹریننگ ، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ایپلی کیشنز سے ہم آہنگ ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے، تمام زیر تربیت خواتین افسران خلق خدا کی خدمت، مظلوم کی داد رسی اور ظالم کی سرکوبی کو اپنا اولین مقصد بنائیں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ ہماری فورس کی خواتین انتہائی ذہین، بہادر اور تخلیقی صلاحیتوں کی مالک ہیں لہذا تمام خواتین افسران تربیت مکمل کرنے کے بعد جرائم کی روک تھام میں نمایاں کردار ادا کریں۔ ڈاکٹرعثمان انور نے کہا کہ خواتین اہلکار پولیس فورس کا انتہائی اہم جزو ہیں، ان کے ٹریننگ ماڈیولز کو بہتر بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 100 دنوں میں سپاہ کی پروموشن، ویلفیئر اور صحت کی حفاظت کے لئے ٹھوس اقدامات کئے گئے، اب ملازمین کی ہیلتھ اور ویلفیئر کے ساتھ سٹیٹ آف دی آرٹ ہاو¿سنگ پراجیکٹ بھی شروع کر رہے ہیں، ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ ویلفیئر پراجیکٹس سے پولیس ملازمین اور اہل خانہ کو علاج معالجے کی جدید سہولیات فراہم کی ہیں، ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ سسٹم کو درست کرنے اور دوران ڈیوٹی رویوں کو بہتر بنانے کی اشد ضرورت ہے، آئی جی پنجاب نے کہا کہ پولیس فورس میں خواتین افسران و اہلکاروں کو پیشہ ورانہ ترقی اور کیرئر گروتھ کے یکساں مواقع میسر ہیں۔ آئی جی پنجاب نے ٹریننگ کالج میں قائم پولیس خدمت مرکز کا دورہ بھی کیا اور تعینات خواتین اہلکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے ورکنگ بارے دریافت کیا۔ ڈاکٹر عثمان انور نے ٹریننگ کالج گیلری میں خواتین کی بنائی پینٹنگز اور خطاطی کے فن پاروں کو سراہا،آئی جی پنجاب نے انڈر ٹریننگ اہلکاروں کی سپورٹس سرگرمیاں بشمول والی بال، فٹ بال اور کرکٹ کے مقابلے بھی دیکھے اور جیتنے والی ٹیموں کی کھلاڑیوں کو تعریفی اسناد اور نقد انعام دینے کا اعلان کیا، ایس پی اکیڈمیک بشریٰ جمیل نے بھی ریکروٹ خواتین کھلاڑیوں کے ساتھ کرکٹ کھیلی، اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ طارق رستم چوہان، کمانڈنٹ چوہنگ ٹریننگ کالج عثمان اکرم گوندل، ایس پی ایڈمن اینڈ سکیورٹی طارق عزیز، ایس پی اکیڈمیک بشریٰ جمیل سمیت سینئر افسران بھی موجود تھے۔