نیویارک(خواجہ فاروق)اوورسیز پاکستانیوں اور کشمیریوں نے آزاد کشمیر میں حکومتی تبدیلی کو غلط فیصلہ قراردیتے ہوئے مسترد کردیا،روزنامہ مشرق سے گفتگو کرتے ہوئے امریکہ میں مقیم پاکستانی و کشمیری کمیونٹی نے کہا پاکستان کے بعد آزاد کشمیر میں بھی حکومتی تبدیلی میں اسٹیبلشمنٹ کاہاتھ ہے،پی ٹی آئی، مسلم لیگ (ن) بھی پیپلز پارٹی سمیت تمام جماعتوں کا وزیراعظم کیلئے چوہدری انوار الحق کو ووٹ دینا لمحہ فکریہ ہے۔ سب کچھ باجوہ رجیم کا کیا دھرا ہے، ایک بار پھر ثابت ہوگیا کہ سول سپرمیسی محض خواب ہے، سیاستدانوں کے اختیار میں کچھ نہیں، ڈوریاں کہیں اور سے ہلتی ہیں، ماضی میں باجوہ کو مدت ملازمت میں توسیع دینے کیلئے بھی ووٹ کو عزت دو کے بیانئے کو دفن کیا گیا تھا، آزاد کشمیر میں حکومتی تبدیلی سے بحران میں مزید اضافہ ہوگا۔ سیاستدانوں سمیت سب کی توجہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی کی بجائے ذاتی مفادات پر ہے،مسئلہ کشمیر پس پشت ڈال دیا گیا،پہلے باجوہ،عمران ڈاکٹرائن نے کشمیریوں کے جذبات کیساتھ کھیلا اب موجودہ سیاستدان بھی اسی روش پر عمل پیرا ہیں،سینئر صحافی حامد میر کے انکشافات نے سب کچھ بے نقاب کردیا،عمران خان نے اپنے دور میں ٹرمپ کیساتھ ملاقات میں کشمیریوں کی پیٹھ پر وار کیا،مودی نے ملاقات کے فوری بعد پاکستان کی شہ رگ مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے اپنے جرائم میں اضافہ کیا،بھارتی اقدام کیخلاف پی ٹی آئی حکومت کا احتجاج محض دکھاوا تھا،کشمیریوں کی آنکھوں میں دھول جھونکا گیا،پاکستانی وکشمیری کمیونٹی نے مزید کہاموجودہ حکومت کو بھی بھارت کے بدترین ظلم کاشکار کشمیریوں سے کوئی ہمددری نہیں،بیانات صرف اور صرف دکھاوا ہیں،پاکستانی عوام اور کشمیریوں کو ملکر بیوقوف بنایاجارہاہے،بھارتی ظلم کاشکار کشمیری بہن بھائی پاکستانی سیاستدانوں سے مایوس ہوکر کسی مسیحا کے منتظر ہیں،مقبوضہ کشمیر کی آزادی کیلئے بیان بازی کی بجائے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔واضح رہے نومنتخب وزیراعظم چوہدری انوار الحق سابق سیکرٹری دفاع جنرل (ر) اکرام الحق کے بھائی ہیں، والد چوہدری صحبت علی پیپلز پارٹی سے تعلق رکھتے تھے اور آزاد کشمیر کے سینئر وزیر بھی رہے ہیں۔
آزاد کشمیر میں حکومتی تبدیلی غلط فیصلہ ہے،اوورسیز پاکستانی وکشمیری

















