چائنہ گیمز ، سنوکر کلب منشیات اور جوئے کے اڈوں میں تبدیل

لاہور (حافظ کاشف سندھو سے) لاہور شہر میں چائینہ گیمز اور سنوکر کلب منشیات اورجوئے کے اڈے بن گئے ، نوجوان نسل کا مستقبل داو¿ پر لگ گیا، پولیس اپنا حصہ وصول کر کے خاموش تماشائی بن گئی۔ لاہور شہر میں جگہ جگہ سنوکر کلب کھل گئے جہاں پر کم عمر نوجوان اور طالب علم سارا دن اور رات گئے نشہ اور جوا کھیلتے نظر آتے ہیں۔ اکثر طلبا سکول جانے کے بجائے سنوکر کلبوں پر سارا دن اور رات گئے تک بیٹھے رہتے ہیں چائینہ گیمز اور سنوکر کلبوں میں نوجوان ہیروئن، آئس ،کرسٹل ،چرس ، افیون ،گٹکا ،پان،شراب اور دیگر منشیات کا استعمال کثرت سے کرتے ہیں نشے کی زیادتی کی وجہ سے اکثر اوقات خون خرابے تک بات پہنچ جاتی ہے ، اکثر منشیات فروشوں نے سنوکر کلبوں پر اپنے کارندے بٹھا رکھے ہیں جن کے ذریعے وہ نئی نسل کو منشیات کا عادی بنا رہے ۔ لاہور شہر کے وہ علاقے جہاں چائینہ گیمز اور سنوکر کلبوں کی آڑ میں مکروہ دھندے مبینہ طور پر پولیس کی سرپرستی میں سرعام جاری ہیں ان میں سر فہرست تھانہ اسلام پورہ، ساندہ، گلشن راوی، شادمان، ٹبی سٹی، بھاٹی گوالمنڈی، اقبال ٹاو¿ن، جوہر ٹاو¿ن اور تھانہ سمن آباد کے علاوہ اور بہت سے علاقے شامل ہیں ، منشیات جیسے زہر کا سرعام استعمال ہونے کی وجہ سے کتنے ہی نوجوان اور طالب علم معصوم بچے اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔ جبکہ کتنے ہی نوجوان ایک جسم سے دوسرے جسم میں انجکشن کا استعمال کرنے سے ایڈز اور جلد کے مختلف امراض میں مبتلا ہوکر زندگی اور موت کے دو راہے پر کھڑے ہیں مگر افسوس کہ پولیس انتظامیہ اور اینٹی نارکوٹکس جیسے ادارے بھی خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ دوسری جانب جوئے کے اڈوں کی تعداد بھی گنتی سے باہر ہے جہاں نوجوان جوئے میں پیسے ہار کر چوریاں کرتے ہیں اور پیسے نہ ہونے کی صورت میں خودکشیاں کرتے ہیں ان کلبوں کے مالکان علاقہ معززین میں ایک کو ہائر کر کے مقامی پولیس سے منتھلی طے کرنے کے بعد اسی علاقہ معزز اور ایس ایچ او کو باقاعدگی سے ماہانہ طور پر ادئیگی کرکے سرعام اپنے مکروہ دھندے جاری رکھتے ہیں ۔ سماجی و فلاحی تنظیموں کے رہنماﺅں نے وزیر اعلیٰ پنجاب،آئی جی جی پنجاب اور سی سی پی او لاہوراور ڈی آئی جی آپریشنز افضال کوثر سے اپیل کی ہے کہ وہ ان کلبوں کی آڑ میں جاری مکڑوہ دھندے کا نوٹس لیکر اس لعنت سے نوجوانوں کو چھٹکارہ دلائیں۔