لاہور ( خبر نگار ) کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے پیشہ ور بھکاریوں اور مافیا کیخلاف کریک ڈاون کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے انسداد بھکاری پن مہم کا آغازکردیاجس کیلئے لاہور کو چار زونز میں تقسیم کردیا گیا ہے، ہر زون کی سڑکوں اور چوکوں پر کریک ڈاون ہوگا۔ کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا اور ڈی سی لاہور رافعہ حیدر نے انسداد بھکاری پن مہم کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ بھکاریوں کو گرفتار کیا جائیگا۔ سوشل ویلفیئر کے تحت بیگرز ہوم رائےونڈ میں رکھا جائیگا۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ تمام محکموں کی ٹیمیں مشترکہ طور پر ہر زون میں بھکاریوں کیخلاف کریک ڈاون کریں گی۔لاہور میں چیل گوشت کیخلاف کریک ڈاون بھی جاری ہے۔ گرفتاریاں بھی کی ہیں۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ محکمہ پولیس اور سوشل ویلفیئر کے تحت ٹیمیں کریک ڈاون میں حصہ لیں گی۔ کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت پیشہ ور بھکاریوں اور مافیا کیخلاف کریک ڈاون کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر عبدالسلام عارف، سی او ایم سی ایل سید علی عباس بخاری، پولیس افسران،چائلڈ پروٹیکشن افسران اور سوشل ویلفیئر افسران نے شرکت کی۔ دوسری طرف کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے فری آٹا فراہمی سنٹرز کا جائزہ لینے کیلئے دورہ کیا۔ ضلعی انتظامیہ لاہور کے افسران بھی ہمراہ تھے۔ انہوں نے فری آٹا فراہمی سنٹر ریگل چوک مارکی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر کمشنر لاہور نے کہا کہ تمام سنٹرز پر آٹا فراہمی کا عمل پرسکون طریقے سے چل رہا ہے۔ رش کا دباو نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور ڈویڑن میں مجموعی طور پر اب تک 49لاکھ30ہزار 872فری آٹا بیگز تقسیم ہوچکے ہیں۔کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے آسان آٹا فراہمی پر کئی شہریوں سے خصوصی طورپر دریافت کیا۔ فری آٹا حاصل کرنے والے افراد نے فراہمی پر اطمینان و خوشی کا اظہار کیا۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ بی آئی ایس پی و نادرا رجسٹرڈ شہری سنٹرز سے فری آٹا حاصل کر رہے ہیں۔ کمشنر لاہور نے فری آٹا فراہمی سنٹرز پر صفائی، سکیورٹی اور شہری سہولیات کا جائزہ لیا۔
تمام محکمے ملکر بھکاریوں کیخلاف کریک ڈاﺅن کرینگے: کمشنر لاہور


















