سیاسی بحران عمران کی ہوس اقتدار، غیر منصفانہ عدالتی فیصلوں کا نتیجہ ہے :خواجہ سعد رفیق

لاہور (اپنے رپورٹر سے) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و وفاقی وزیر خواجہ سعدرفیق نے کہا ہے کہ عدالت کو آئین ری رائٹ کرنے کا اختیار حاصل نہیں، تین رکنی بنچ کے فیصلہ سے آئینی اور سیاسی بحران مزید گہرا ہوتا نظر آ رہا ہے ، سیاسی بحران حصول اقتدار کےلئے عمران کی بھوک اورغیر منصفانہ وجانبدارانہ عدالتی فیصلوں کا نتیجہ ہے ۔ انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ تین رکنی بنچ کے فیصلہ سے آئینی اور سیاسی بحران مزید گہرا ہوتا نظر آ رہا ہے ، سپریم کورٹ کے سینئر ترین ججز کی بات سنی گئی نہ احکامات ،سیاسی جماعتوں کی سنے جانے کی درخواست مسترد کر دی گئی ،فل کورٹ کی استدعا بھی مسترد کی گئی ، سپریم کورٹ کی اندرونی تقسیم نہایت افسوسنا ک امر ہے ۔ سعد رفیق نے کہا کہ سیاسی بحران حصول اقتدار کے لئے عمران کی بھوک اورغیر منصفانہ وجانبدارانہ عدالتی فیصلوں کا نتیجہ ہے ، عدالت کوآئین ری رائٹ کرنے کا اختیار حاصل نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ متنازعہ انتخابات ملکی سالمیت اور اتحاد کے لئے زہر بن سکتے ہیں ، اللہ کریم پاکستان کی محافظت اور ہماری رہنمائی فرمائیں ۔