اسلام آباد (بیورورپورٹ)وفاقی وزراءنے کہا ہے ون مین شو تباہ کن، 3 ججوں کا فیصلہ کو ن مانے گا؟ چیف جسٹس ملک کو انارکی کی طرف مت دھکیلیں،فتنے کا پاکستان کی سیاست سے مائنس ہونا بہت ضروری ،نیازی نے ملک کو اس نہج پر لا کھڑا کیا ، بنچ ٹوٹنے سے ظاہر ہورہا اعتماد کا فقدان، اقلیتی فیصلوں سے بحران بڑھے گا، سرکلرز کے ذریعے ججز کے آرڈر کی نفی غلط ،ون مین شو قبول نہیں ہوگا،9سے شروع ہوکرمعاملہ 3ججز پر پہنچ چکا ،جسٹس اعجاز عملدرآمد کے فیصلے کا حصہ نہیں ہو سکتے،جمہوری جماعتیں آئینی مدت کے بعد الیکشن کے میدان میں نظر آئیں گی،جس کے اپنے ججز عدم اعتماد کریں اسکے فیصلے کی کوئی حیثیت نہیں،چند سہولت کاروں کی جانب سے انصاف کے ایوان کو پی ٹی آئی کا ایوان بننے سے روکنا قوم کی ذمہ داری ہے،تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا نے کہا ہے جسٹس جمال مندوخیل نے اختلافی نوٹ میں افسوسناک بات لکھی ہے،یہ صورتحال انتہائی افسوسناک اور قومی سانحے سے کم نہیں، ایک معزز جج پہلے بینچ سے علیحدہ ہوئے اور پھر بینچ کا حصہ ہیں،یہ بینچ 9 سے شروع ہو کر 3 پر آگیا ہے،انصاف ہوتا ہوا نظر بھی آنا چاہیے،اگر فل بینچ اس معاملے کا فیصلہ نہیں کرےگا تو انصاف ہوتا نظر نہیں آئے گا، آپ انارکی کا حصہ نہ بنیں، فل بینچ بنائیں،ایک فتنے نے ملک کو اس نہج پر لا کھڑا کیا ہے، سیاسی، انتظامی طور پر بحران ہے اور اب جوڈیشری کو بھی لا کھڑا کیا ہے،اس فتنے کی دھونس، تکبر، ضد یا ایجنڈا تھا جس نے اسمبلی توڑی، اس فتنے کا پاکستان کی سیاست سے مائنس ہونا بہت ضروری ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا کہ جسٹس جمال خان مندوخیل نے اختلافی نوٹ میں جو باتیں لکھی ہیں وہ اس لیے انتہائی افسوس ناک ہیں کہ اعلیٰ ترین منصب پر بیٹھے لوگ ایسے رویوں کا اظہار کریں گے جس کا ذکر انہوں نے کیا مثلاً مشاورت نہیں کی گئی۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کی بات سامنے آنا قانونی برادری کےلئے المیہ ہے اور دوسرا المیہ یہ ہے کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی جانب سے از خود نوٹس پر دیے گئے فیصلے کو سرکلر کے ذریعے مسترد کردیا گیا۔وزیر داخلہ نے کہا کہ ایک فرد واحد جو فتنہ ہے وہ 10 سال کی محنت کے بعد ملک کو اس نہج پر لے آیا ہے کہ یہاں سیاسی طور پر بحران، انتظامی طور پر بحران اور اب عدلیہ کو بھی اس نے بحران میں مبتلا کردیا ہے۔انہوںنے کہاکہ اگر قاضی فائز عیسٰی کے خلاف ریفرنس نہ دائر کیا جاتا ان کے اہلِخانہ کو انہیں عدالتوں،ایف بی آر کی عمارتوں میں رلایا نہ جاتا تو ملک میں یہ بحرانی کیفیت نہیں پیدا ہوتی جو اس وقت موجود ہے۔انہوں نے کہاکہ میں چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کرتا ہوں کہ اس بات کا جائزہ لینا ضروری ہے کہ یہ فتنہ کس طرح ملک میں متعارف ہوا اور کس طرح ملک اور اس کے اداروں کو بحران در بحران کا شکار کررہا ہے،یہ چاہتا ہے کہ اس ملک میں افراتفری و انارکی ہو، اس بات کا جائزہ لیں کہ اس نے جو کچھ 10 سال میں کیا بالخصوص اسمبلیاں توڑنے کے پیچھے کون ہے،یہ اسمبلیاں آئینی طور پر نہیں توڑی گئیں، دونوں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اور اراکین کہتے رہے کہ ہم نے نہیں توڑنی لیکن یہ اس کا تکبر اس کی ضد تھی کہ اسمبلیاں توڑی گئیں۔انہوںنے کہاکہ جب 9 رکنی بینچ بیٹھا تھا تو ایک معزز جج نے یہ معاملہ اٹھایا بھی تھا اس لیے میں تمام ججز سے بالعموم اور بالخصوص چیف جسٹس سے اپیل کروں گا کہ انصاف ہونا نہیں بلکہ انصاف ہوتے ہوئے نظر آنا چاہیے۔انہوںنے کہاکہ موجودہ صورتحال میں اگر فل کورٹ بیٹھ کر اس معاملے کا فیصلہ نہیں کرے گا تو اس صورت میں انصاف تو شاید ہو لیکن انصاف ہوتا ہوا نظر نہیں آئے گا اور قوم کو اگر اس مرحلے پر انصاف ہوتا نظر نہیں آیا تو ملک میں افراتفری پھیلے گی،دوسری جانب وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے سپریم کورٹ کا بینچ دوبارہ ٹوٹنے پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے ایک بات بار بار ثابت ہورہی ہے کہ اس وقت اعتماد کا فقدان ہے، کم ہوتے ہوتے اب بینچ میں صرف 3 ججز رہ گئے ہیں ، پہلے دن سے مطالبہ کررہے ہیں فل کورٹ بنایا جائے ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ بدقسمتی ہے کہ انصاف کی متلاشی پوری پاکستانی قوم کےلئے آخری منزل یہی ہے اور اس منزل میں اس وقت ہیجانی کیفیت پیدا ہوچکی ہے جس کے بعد عام سائل کی توقعات پر مایوسی چھا گئی ہے۔وزیر دفاع نے کہا کہ ہم سیاستدانوں میں پارٹی بازی، مخاصمت اور لڑائی جھگڑے بھی ہوتے ہیں یہ سب سیاست کے کلچر کا حصہ ہیں لیکن ان کے کلچر کا حصہ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ میں معذرت کے ساتھ عرض کرتا ہوں کہ سپریم کورٹ کا کلچر بہت اعلیٰ و ارفع مطالبات کرتا ہے جس سے کسی بھی حکومت،سیاسی پارٹی، کسی بھی طبقے کا اعتماد متزلزل نہ ہو لیکن آج اعتماد متزلزل ہورہا ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم پہلے دن سے مطالبہ کررہے ہیں فل کورٹ بنادیں کیوں کہ کم ہوتے ہوتے اب بینچ میں صرف 3 ججز رہ گئے ہیں اور اگر اعتماد بحال کرنا ہے تو فل کورٹ ہو تا کہ اس عمارت میں بیٹھے لوگوں پر جو اعتماد ہے وہ متزلزل نہ ہو،ادھروفاقی وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ 9ججز سے شروع ہونیوالا معاملہ 3ججز پر پہنچ چکا ہے،جسٹس اعجاز الاحسن عملدرآمد کے فیصلے کا حصہ نہیں ہو سکتے۔سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے وزیر اطلاعات و نشریات نے کہاکہ 9ججز سے شروع ہونیوالا معاملہ 3ججز پر پہنچ چکا ہے، جسٹس اعجاز الاحسن اس کیس کی سماعت کا حصہ نہیں تھے، جسٹس اعجاز الاحسن عملدرآمد کے فیصلے کا حصہ نہیں ہو سکتے۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ سپریم کورٹ کا رجسٹرار کا سرکلر عدالت عظمیٰ کے ایک فرد کا فیصلہ ہے، ایک ذہنی مریض شخص پورے ملک کو آگ لگانا چاہتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ پہلے کاغذ لہرا کر سائفر کی کہانی گھڑی اور پھر اسمبلیاں توڑ دیں، ذہنی مریض شخص نے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر سے غیر آئینی اقدامات کرائے۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ عمران خان عالمی سازش کے جھوٹ میں پکڑا گیا، زمان پارک میں دہشتگرد پال کر پولیس اہلکاروں کے سر پھوڑے گئے۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ عمران خان ملک میں لاشیں اور فساد چاہتا ہے، عمران خان کا مقصد ملک میں افراتفری پیدا کرنا ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ عمران خان نے زکوٰة کے پیسے ہاو¿سنگ سکیموں اور سیاست میں استعمال کیا، عمران خان نے توشہ خانہ سے گھڑیاں چوری کیں۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ پاکستان کے عوام دیکھ رہے ہیں جوہو رہا ہے،عمران خان نے ججز کو دھمکیاں دیں اور عدالتوں پر حملہ آور ہوا۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ ترازو کے پلڑے برابر نظر آنے چاہئیں، فل کورٹ بنچ بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان الیکشن سے بھاگ رہا ہے، جمہوری جماعتیں آئینی مدت مکمل ہونے پر الیکشن کے میدان میں نظر آئیں گی،پاکستان کے عوام ووٹ سے ذہنی مریض عمران خان کو سیاست سے باہر کر دیں گے،علاوہ ازیں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے جس کے اپنے برادرز ججز اس پر عدم اعتماد کر دیں، سوالات اٹھا دیں اس کے دیے گئے فیصلے کی نہ کوئی قانونی حیثیت ہوگی نہ اخلاقی۔ انہوںنے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ چند سہولت کاروں کی جانب سے انصاف کے ایوان کو تحریک انصاف کا ایوان بننے سے روکنا پوری قوم کی ذمہ داری ہے،ون مین شو تباہی کا باعث بنے گا۔ مریم نواز نے کہا کہ جسٹس مندوخیل کی دعاﺅں میں شریک ہیں کہ اللہ تعالی سپریم کورٹ آف پاکستان پر رحم فرمائے۔ آمین !۔وفاقی وزیر احسن اقبال نے ٹوئٹ کیا کہ عمران نیازی ، بابر اعوان اور فواد چوہدری کا تین رکنی بینچ کیسا رہے گا؟، جس کا جواب دیتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ابھی بھی یہ ہی سمجھیں !،مزید برآںوزیراعظم کے معاون خصوصی عطاءاللہ نے کہا ہے سرکلرز سے ججز کے آرڈر کی نفی غلط، قوم ون مین شو قبول نہیں کرے گی،سپریم کورٹ کے باہر میڈیا ٹاک کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے کہا کہ اگر بنچ ایسے ہی ٹوٹتے اور بنتے رہیں تو ادارے کی ساکھ کا کیا ہوگا، چیف جسٹس کو چاہیے تھا کہ فل کورٹ بنچ بناتے، پوری قوم اس معاملے پر رنجیدہ ہے،عطا تارڑ نے کہا کہ آج بنچ پر وکلاءکے تحفظات تھے اور بنچ کی تشکیل کے بعد اعتراض اٹھایا گیا، سماعت سے پہلے سرکلرز کے ذریعے ججز کے آرڈر کی نفی غلط ہے، اگر ایسے فیصلے ہوئے ادارے کی ساکھ کیا رہ جائے گی اور قوم اس ون مین شو کو قبول نہیں کرے گی،تمام کرائسز کا فیصلہ مشاورت کے بعد ہونا چاہیے، مندوخیل نے دکھی دل سے کہا اللہ تعالیٰ اس ادارے کی حفاظت کرے، سرکلر کا رواج پہلی دفعہ دیکھا ہے، قوم پہلے ہی مسائل میں مبتلا ہے مل کر بیٹھیں اور مسائل حل کریں،فل کورٹ کی تشکیل اب لازم ہو گئی ، اگر فل کورٹ نہ بنایا گیا تو اس معاملے میں مزید طول ملے گا اور ہم چاہتے ہیں سپریم کورٹ کی بقا بحال رہے، ملک میں ایک آئینی بحران پیدا ہو چکا ہے لیکن دو تارڑ آئین کی پاسداری کے لیے کھڑے رہیں گے، آج معاملات سجاد علی شاہ ٹو کی طرف جا رہے ہیں،دوسری جانب وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے ہم نے سیاسی بات چیت سے کبھی انکار نہیں کیا، اقلیتی فیصلوں سے بحران بڑھے گا، فیصلہ ایسا ہونا چاہئے جو سیاسی مستقبل کے لیے بھی مفید ہو،آج کی عدالت کی پروسیڈنگ سب کےسامنے ہے، 9 رکنی بینچ 5 رکنی بینچ میں تبدیل ہوا تھا، 4 معزز جج صاحبان نے عیاں کر دیاپٹیشن خارج ہو چکی ہے، سپریم کورٹ میں اہم مقدمے کی سماعت چل رہی ہے، آج جسٹس مندوخیل نے سماعت سے معذرت کی،اعظم نذیرتارڑ نے کہا میری بھی رائے تھی معاملہ فل کورٹ میٹنگ میں جائے، اٹارنی جنرل نے بھی اسی طرح کی استدعا کی، چیف جسٹس صاحب نے مناسب سمجھا اور 3 رکنی بینچ نے سماعت کی، یہ مسئلہ ایک بحران کی شکل و صورت اختیار کیے جا رہا ہے۔
ون مین شو تباہ کن، 3 ججوں کا فیصلہ کو ن مانے گا؟ چیف جسٹس ملک کو انارکی کی طرف مت دھکیلیں: وفاقی وزرا
















