افسران و اہلکار شہریوں کے مسائل کو حل کرکے انہیں ریلیف فراہم کریں :آئی جی پنجاب
لاہور(کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی خصوصی کاوش سے پنجاب پولیس میں تقریباً 2ہزار افسران واہلکاروں کی میرٹ اور سنیارٹی کے مطابق ترقیوں کا عمل مکمل ہو گیا ، 41ڈی ایس پیز کو ایس پی، 85انسپکٹرز کو ڈی ایس پی اور 270سب انسپکٹرز کی انسپکٹرز اور سینئر ٹریفک وارڈنز کے عہدوں پر ترقی کی منظوری دےدی گئی جبکہ دیگر رینجرز اور اضلاع میں کانسٹیبلز سے سب انسپکٹرز کے عہدوں پر 1500سے زائد ترقیوں کا عمل بھی تقریبا مکمل ہو گیا۔ آئی جی پنجاب اور ایڈیشنل آئی جیز نے ایس پی کے عہدے پر ترقی پانے والے 41 ڈی ایس پیز کو نئے عہدے کے رینکس لگائے۔ انسپکٹر سے ڈی ایس پی کے عہدے پر ترقی پانے والوں میں انسپکٹر خالد محمود ، سید ابرار حیدر ، وسیم افضل ، غلام مجتبیٰ ، محمد اعظم ، شبیر احمد اور عمر فاروق ،انسپکٹرز شہزاد گل ، مختار احمد ، محمد اسلم اور عبدالرحمن سمیت 85 انسپکٹرز ڈی ایس پیز کے عہدوں پر ترقی پانے والوں میں شامل ہیں ۔آئی جی پنجاب کی ترقی پانے والے تمام افسران واہلکاروں کو مبارک باد، پہلے سے زیادہ محنت سے فرائض کی ادائیگی کی ہدایت کی۔ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ جس طرح محکمہ آپ کے مسائل کا حل یقینی بنارہا ہے اسی جذبے کے تحت شہریوں کے مسائل کو حل کرکے انہیں ریلیف فراہم کریں،ترقی پانے والے تمام افسران و اہلکار نئے جوش و جذبے اور عزم کے ساتھ شہریوں کی خدمت و حفاظت میں لگ جائیں،میرٹ اور سنیارٹی کے مطابق محکمانہ ترقی ہر افسر واہلکار کا بنیادی حق ہے جس میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں۔ الیکشن کمیشن کی اجازت کے بعد پولیس فورس میں خالی آسامیوں پر محکمانہ ترقیوں کے ذریعے پر کیا جارہا ہے۔

















