زندگی میں کامیابی کا کوئی شارٹ کٹ نہیں، محنت ہمیشہ رنگ لاتی ہے :گورنر پنجاب

لاہور (اپنے رپورٹر سے) گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ زندگی میں کامیابی کا کوئی شارٹ کٹ نہیں ہے، محنت ہمیشہ رنگ لاتی ہے،پی ٹی یو ٹی کا صنعتی انٹرنشپ پروگرام صنعت و تعلیم کے درمیان رابطے کو مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب تیانجن یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی لاہور کے پہلے کانووکیشن میں بطور مہمان خصوصی شرکت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے کہا کہ سائبر سکیورٹی، آرٹیفشل انٹیلی جنس اور جدید ٹیکنالوجی میں پنجاب تیانجن سینٹر آف ایکسی لینس کے قیام کا منصوبہ یونیورسٹی کا قابل ستائش قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب تیانجن یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی جو تیانجن، چین کی تین معروف یونیورسٹیوں کے کنسورشیم کے تحت قائم کی گئی کو پاکستان کی ٹیکنالوجی یونیورسٹیوں میں ایک نمایاں مقام حاصل ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ چائنہ پاکستان کا قابل اعتماد دوست ہے جس نے ہر مشکل میں ساتھ دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ2013ءمیں جب پاکستان کوشدید انرجی بحران کا سامنا تھا اس وقت بھی چائنہ نے مدد کی اور صرف ساڑھے 3 سال کی قلیل مدت میں اس بحران پر قابو پایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ دوست ملک چائنہ کے تعاون سے قائم کی گئی پنجاب تیانجن یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے قیام میں اس وقت کے وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی کوششیں شامل تھیں اور پنجاب سپیڈ کے باعث پنجاب تیانجن یونیورسٹی کا قیام ریکارڈ مدت میں ممکن ہوا۔