لاہور(ایجوکیشن رپورٹر) احساس میں ڈوب کر لکھے گئے کالم طویل عمر پاتے ہیں ان خیالات کا اظہار سید عارف نوناری نے سیمینار و رونمائی کتاب کی تقریب میں کیا،تفصیلات کے مطابق بزم اقبال شعبہ اقبالیات اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے زیر اہتمام سیمینار فروغ فکر اقبال اور پاکستانی صحافت اور تقریب رونمائی کتاب کالم والم کا انعقاد کیا گیا۔
استقبالیہ خطبہ چیئر مین شعبہ اقبالیات و فلسفہ ڈاکٹر رفیق الاسلام نے دیا،انہوںنے فکر اقبال کے فروغ میں صحافت کے کردار کی تعریف کی، قیامِ پاکستان سے لےکر اب تک صحافتی سطح پر سلسلہ جاری ہے،ڈاکٹر امتیاز تارڑ کہا اقبال کا اصل مقصود مسلم معاشرے کی تشکیل تھا،بہترین صحافی بننے کے لیے ضروری ہے اقبالیات میں بھی مہارت حاصل کرے، پروفیسر ڈاکٹر شہزاد رانا چیئرمین میڈیا سٹڈیز نے سید عارف نوناری کی کتاب کالم والم پر سیر حاصل گفتگوکی اورطلبہ و طالبات کو تاکید کی کہ وہ کتاب کا مطالعہ کریں۔ انور گریوال نے کتاب کے چیدہ چیدہ حصوں کا تذکرہ کرتے ہوئے اسے متنوع موضوعات کا خزانہ قرار دیا۔
نصیر احمد ناصر نے سید عارف نوناری کی صحافتی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کی کئی جہات کا ذکر کیا۔ کتاب کالم والم کی تقریب پذیرائی سے اظہار خیال کرتے ہوئےسید عارف نوناری نے اسلامیہ یونی ورسٹی بہاول پور کی ترقی پر خوشی کا اظہار کیا ، انہوں نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب کی مخلصانہ کاوشوں کی تعریف کی۔انھوں نے کہا کہ ان کی قیادت میں تعلیمی ترقی کے ساتھ ساتھ ادب کو بھی فروغ مل رہا ہے۔ اپنی کتاب کالم والم کی تقریب میں کہامختلف حالات میں کالم نگار جب احساس میں ڈوب کر کالم تخلیق کرتا ہے تو اس کی عمر بڑھ جاتی ہے۔ انھوں نے نارووال کی تاریخی اہمیت پر زور دیتے ہوئے بتایا کہ اس علاقے نے کئی نامور شخصیات کو جنم دیا ۔
اپنے صحافتی سفر سے طلبہ و طالبات کو آگاہ کیا،انہوں نے کالم نگاروں کی ذمہ داریوں کے بارے میں واضح کیا کہ آج کے دور میں ان کے فرائض بڑھ گئے ہیں ۔ معاشرے کی تعمیر و ترقی میں قلمکار کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ صحافی کو تحقیق پر مبنی کالم نویسی کرنا چاہیے تاکہ بعد میں اسے کتابی صورت میں محفوظ کیا جاسکے۔ کلماتِ تشکر ادا کرتے ہوئے ڈاکٹر جام سجاد حسین نے مہمانانِ گرامی کی صحافتی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ انھوں نے اپنے شگفتہ انداز میں طلبہ و طالبات کے ادبی انہماک کی بھی تعریف کی۔ آخر میں سید عارف نوناری اور ڈاکٹر امتیاز تارڑ کو سوئنیر پیش کیے گئے۔تقریب میں شعبہ اقبالیات کے اساتذہ اور طلبہ و طالبات نے بھر پور شرکت کی ۔
احساس میں ڈوب کر لکھے گئے کالم طویل عمر پاتے ہیں:عارف نوناری

















