شہبازشریف کی ساتھ دینے کی درخواست‘مشاورت کرینگے‘ سراج الحق

اسلام آباد:(لیڈرنیوز)شہباز شریف نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کسی فرد کی نہیں 22 کروڑ عوام کی خواہش ہے۔ تمام جماعتوں سے بات چیت جاری ہے، سیاست میں کوئی چیز حتمی نہیں ہوتی، ہر سیاسی جماعت سے بات کرنا درست ہے۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف اور صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف نے کہا کہ تمام اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے ایوان میں تحریک عدم اعتماد داخل کی گئی ہے، سراج الحق سے تحریک عدم اعتماد میں شامل ہونے کی درخواست کی ہے۔ وہ پارلیمنٹ کے ذریعے آئینی طریقے سے منتخب حکومت کو ہٹا کر قوم کے پاس واپس جانا چاہتے ہیں۔ جماعت اسلامی کا اپنا نظام ہے۔ وہ اپنی شوریٰ کی مشاورت سے فیصلہ کریں گے۔ ہر سیاسی جماعت سے بات کرنا ہمارا سیاسی حق ہے۔قبل ازیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ موجودہ ماحول حکومت نے بنایا ہے، عدم اعتماد جمہوریت کا آئینی طریقہ کار ہے، جماعت اسلامی مشاورت کا نظام رکھنے والی جمہوری جماعت ہے، ہم اجلاس کریں گے۔ ہماری پارٹی سے مشاورت کریں گے، افراد کی تبدیلی مسئلے کا حل نہیں جب تک نظام میں تبدیلی نہیں آتی، شہباز شریف نے مشورہ دیا ہے کہ عوام سے رابطہ کیا جائے۔ مینڈیٹ کے لیے انتخابی نظام کو شفاف بنانا ضروری ہے۔