وزیراعظم کا عوام کو ریلیف،ڈیزل 135،پٹرول12روپے لٹر سستا

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیراعظم کا عوام کو ریلیف،ڈیزل 135،پٹرول12روپے لٹر سستا کردیا۔

قوم سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا تاریخ سازموقع پر آپ سے مخاطب،خلیج میں جنگ نہیں ،امن کی بات ہورہی ہے، دونوں فریقین بات چیت پر تیار ہوگئے ،معاملات طے کیے جارہے ہیں، تجویز قبول کرنے پرایران ،امریکہ کا شکریہ ادا کرتا ہوں، دونوں ممالک کی لیڈر شپ پاکستان آرہی ہے، میزبانی کا شرف صرف پاکستان نہیں عالم اسلام کےلئے قابل فخر لمحہ ہے،محتاط مگر اعتماد کےساتھ عارضی جنگ بندی کرائی،نائب وزیراعظم،ٹیم ،خاص طور پر فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

وزیراعظم نے کہا فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جنگ کے شعلے بجھانے کیلئے تاریخ ساز کردار ادا کیا،خدمات کو تاریخ ہمیشہ سنہرے الفاظ میں یاد رکھے گی،زیادہ کٹھن مرحلہ دیرپا جنگ بندی اور الجھے مسائل کو حل کرنے کا ہے، انگریزی میں میک و بریک کہتے ہیں،قوم مذاکرات کی کامیابی کیلئے دعا کرے تاکہ دنیا میں امن قائم ہوجائے،پاکستانی قیادت بات چیت کامیاب کرانے کی کوشش کرے گی۔

شہبازشریف نے کہا قیامت خیز مہنگائی کا طوفان آیا ،وعدہ کیا تھا تیل کی قیمتیں کم ہوں گی توفوری فائدہ عوام کومنتقل کریں گے،عالمی مارکیٹ میں کچھ کمی کے بعد مجھے تجویز دی گئی مکمل فائدہ عوام تک نہ پہنچائیں کچھ حصہ حکومتی اخراجات کیلئے مختص کیا جائے،میں نے اخلاقی و سیاسی ذمہ داری کو سمجھتے ہوئے تجویز ایک لمحہ تاخیر کے بغیر مستر د کرتے ہوئے فیصلہ کیا عوام نے مہنگائی کو برداشت کیا تو اب پورا ریلیف ملنا چاہیے، ڈیزل 135، پٹرول12روپے لٹرسستا کرنے کااعلان کرتا ہوں،کمی کے بعد ڈیزل385،پٹرول366روپے لٹر ملے گا۔

وزیراعظم نے کہاحکومت نے مشکل حالات میں کبھی عوام کو تنہا نہیں چھوڑا ، میری پہلی ترجیح ہمیشہ عوام تھے اور ہیں ، قوم صرف حکومتی فیصلوں سے نہیں عوام کے نظم ضبط ،اتحاد سے ترقی کرتی ہے ، موٹرسائیکل ،پبلک اور گڈز ٹرانسپورٹ کیلئے سبسڈی جاری رہے گی۔