بلوچستان نے ابتدا کردی باقی صوبے بھی سبسڈی پیکیج جمع کرائیں، وزیراعظم

لاہور:(وقائع نگار ) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے 3ہفتوں میں 129ارب کا عوامی ریلیف پیکیج دیا ،مشکل گھڑی میں کسی صورت عوام کو اکیلا نہیں چھوڑ سکتے،پٹرولیم لیوی میں فوری 80روپے کمی کی گئی،ریلوے کو 6ارب کی سبسڈی فراہم ،مسافر ٹرینوں ،مال گاڑیوں کے کرایوں میں کسی قسم کا اضافہ نہیں کیا جا رہا۔

خطے میں حالیہ کشیدگی کے دوران پٹرولیم مصنوعات پر حکومت کی جانب سے سبسڈی کے نفاذ پر پیشرفت کے جائزہ اجلاس میں وفاقی وزرا،متعلقہ حکام نے شرکت کی،انٹیلی جنس بیورو کی جانب سے حکومتی کفایت شعاری ،سادگی اقدامات کے نفاذ پر رپورٹ پیش کی گئی،حکام نے سبسڈی کی فراہمی پر پیشرفت کےساتھ ملک میں ایندھن کے ذخائر ، کھپت پر بریفنگ دی۔

شہباز شریف نے کہا بسوں،ویگنوں،ٹرکوں،بڑی مال بردار گاڑیوں ،ڈیلیوری وینوں کو 35ہزار سے ایک لاکھ تک ماہانہ سبسڈی فراہم کی جارہی ہے،نظام میں شفافیت کیلئے رقوم ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے فراہم کررہے ہیں،بلوچستان حکومت کاطے شدہ رقم جمع کرانالائق تحسین، امید ہے باقی صوبے بھی پیکیج کےلئے جلد از جلد طے شدہ رقوم جمع کرا دیں گے۔

وزیراعظم نے کہا3 ہفتوں میں 129 ارب کا عوامی ریلیف پیکیج دیا گیا،ٹول ٹیکس میں سہ ماہی 25 فیصد اضافہ واپس لے لیا ،ملکی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے ایندھن کے مناسب ذخائر موجود ہیں،مشکل وقت میں جس قدر ممکن ہوا عوامی ریلیف کیلئے اقدامات اٹھا رہے ہیں اور اٹھاتے رہیں گے۔