عثمان انور دور سے شروع رینک لگانے کی خوبصورت روایت برقرار رکھیں گے:آئی جی

لاہور (کرائم رپورٹر) پنجاب عبدالکریم کی ہدایت پر سنٹرل پولیس آفس میں ڈی ایس پی عہدے پر ترقی پانے والے افسران کو رینک لگانے کی تقریب منعقد کی گئی۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے ترقی پانے والے 18 افسران کو ڈی ایس پی عہدے کے رینک لگائے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ پروموٹ ہونے والے افسران کے والدین، بچوں اور اہلخانہ کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے ترقی پانے والے افسران اور ان کے اہل خانہ کو مبارکباد دیتے ہوئے نیک تمناوں کا اظہار کیا اور انہیں مزید محنت، دیانتداری اور پیشہ ورانہ لگن کے ساتھ فرائض سرانجام دینے کی ہدایت کی۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا کہ حکومتی کفایت شعاری مہم کے پیش نظر صرف لاہور سے تعلق رکھنے والے ترقی پانے والے افسران کو تقریب میں مدعو کیا گیا ہے جبکہ دیگر افسران کو متعلقہ ریجنز میں آر پی اوز اور سینئر افسران رینک لگا ئیں گے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ سابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے دور سے شروع ہونے والی رینک لگانے کی خوبصورت روایت کو برقرار رکھا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کی شاندار کارکردگی کے باعث جرائم میں واضح کمی آئی ہے اور شہریوں میں احساس تحفظ مزید مضبوط ہوا ہے۔ تقریب میں ایڈیشنل آئی جیز پنجاب، سی سی ڈی، آئی اے بی، ٹریننگ، ڈی آئی جیز اسٹیبلشمنٹ ون، اسٹیبلشمنٹ ٹو اور ہیڈ کوارٹرز سمیت دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ دریں اثناءآئی جی پنجاب عبدالکریم سے پولیس ملازمین اور ان کے اہل خانہ نے سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی۔ انہوں نے پولیس ملازمین اور ان کے اہلخانہ کے مسائل سنے اور فوری ریلیف کیلئے متعلقہ افسران کو احکامات جاری کئے۔تفصیلات کے مطابق، لیڈی جونیئر کلرک نادیہ امانت کی ٹرانسفر کی درخواست پر آئی جی پنجاب نے ایڈیشنل آئی جی پنجاب کو معاملہ زیر غور لانے کی ہدایت کی۔ ڈرائیور کانسٹیبل فاروق احمد کی اہلیہ کی جانب سے سرکاری رہائش کی درخواست پر سی سی پی او لاہور کو ریلیف فراہمی کی ہدایت جاری کی گئی۔ ہیڈ کانسٹیبل اختر رسول کی پی کیڈر سکیم کے تحت پروموشن کی درخواست پر ایڈیشنل آئی جی پنجاب کو معاملہ زیر غور لانے کی ہدایت کی گئی۔ اے ایس آئی سید حسن رضا کی بیٹی کی درخواست پر ڈی آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس کو ضروری کارروائی کی ہدایت کی گئی جبکہ ریٹائرڈ سب انسپکٹر شبیر احمد کی درخواست پر سی سی پی او لاہور کو احکامات جاری کئے گئے۔ آئی جی پنجاب نے ڈسپلن، ایڈمنسٹریشن، پروموشن اور ویلفیئر سے متعلق دیگر درخواستوں پر بھی احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس کے ملازمین اور ان کے اہلخانہ کی فلاح و بہبود ان کی اولین ترجیح ہے اور درپیش مسائل کے بروقت اور موثر حل کو یقینی بنایا جائے گا۔