اسلام آباد:(بیورورپورٹ)پاکستان نے سعودی عرب کو ہمیشہ ساتھ کھڑے رہنے کی یقین دہانی کرادی۔
4ملکی وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کے بعد سعودی وزیر خارجہ وزیر اعظم ہاوس پہنچے،وزیراعظم شہبازشریف نے پرتپاک استقبال کیا،ملاقات میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار، مشیر برائے قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک بھی موجود تھے،ملاقات انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی،خطے کی موجودہ صورتحال و امن و استحکام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے موجودہ بحران کے دوران وسیع سفارتی کوششوں ،نازک وقت میں اسلامی ممالک کے درمیان اتحاد کی ضرورت کو اجاگرکیا اور خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز ،ولی عہدشہزادہ محمد بن سلمان کیلئے نیک خواہشات کا پیغام دیا اور پاکستان کی جانب سے سعودی عرب کےساتھ مکمل وغیر متزلزل یکجہتی وحمایت کا اعادہ کیا۔
شہبازشریف نے موجودہ بحران کے دوران سعودی عرب کے غیر معمولی تحمل کوسراہتے ہوئے کہا پاکستان ہمیشہ سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا، فیصل بن فرحان نے وزیر اعظم سے اظہار تشکر اور خطے کی صورتحال پر اپنے موقف سے آگاہ کیا،اعلامیے کے مطابق پاکستان ،سعودی عرب نے خطے میں امن و استحکام کےلئے مشترکہ کوششوں ،قریبی رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
دریں اثنا ترکیہ ،مصرکے وزرائے خارجہ ہاکان فدان ،ڈاکٹر بدر بن عبدالعاطی نے بھی وزیر اعظم سے ملاقات کی،وزیر اعظم نے اپنے دفتر میں پرتپاک استقبال کیا ،خطے میں امن واستحکام سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،وزرائے خارجہ نے کشیدگی میں کمی کیلئے پاکستان کی ثالثی کوششوں کو سراہا۔
پاکستان ہمیشہ ساتھ کھڑا رہے گا،وزیراعظم کی سعودی وزیر خارجہ کو یقین دہانی



















