اسلام آباد: (بیورورپورٹ) امریکہ ،ایران مذاکرات میں پاکستان ثالث،نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے تصدیق کردی۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں اسحاق ڈار نے مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کے خاتمے کیلئے مذاکرات پرغیر ضروری قیاس آرائیوں کی تردید کرتے ہوئے کہاامریکہ ،ایران کے درمیان بالواسطہ مذاکرات بذریعہ پاکستان پیغامات کی صورت میں جاری ہیں،پاکستان اہم عمل میں ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے، فریقین کے مابین پیغامات پہنچائے جا رہے ہیں ،امریکہ کے شیئر کیے گئے 15نکات پرایران غور کر رہا ہے۔
نائب وزیراعظم نے کہا امن اقدام کو عملی جامہ پہنانے کےلئے برادر اسلامی ممالک ترکیہ و مصر سمیت دیگر ریاستیں بھی بھرپور تعاون فراہم کر رہی ہیں تاکہ خطے میں جاری کشیدگی کو جلد از جلد ختم کیا جا سکے،پاکستان خطے اور باہر امن و استحکام کو فروغ دینے کیلئے اپنے عزم پر سختی سے کاربند ،مقصد کے حصول کیلئے ہر ممکن سفارتی کوششیں جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہے۔
اسحاق ڈار نے کہاموجودہ پیچیدہ حالات میں مذاکرات اور سفارت کاری ہی واحد راستہ،خطے میں تنازعات بات چیت سے ہی حل اورپائیدار امن یقینی ہوگا،نائب وزیراعظم نے پوسٹ امریکی و ایرانی وزرائے خارجہ کو بھی ٹیگ کردی۔
دریں اثنا اسحاق ڈار نے ترک وزیر خارجہ ہاکان فیدان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ،دونوں رہنماﺅں نے تازہ ترین علاقائی پیشرفت پر تفصیلی تبادلہ خیال ، باہمی مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے اور مستقبل میں ایک دوسرے کے ساتھ قریبی رابطے میں رہنے پر مکمل اتفاق کیا ،نائب وزیراعظم نے خطے میں جاری کشیدگی کم کرنے کیلئے پائیدار سفارتی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا اور امن و استحکام کیلئے پاکستان کے پختہ عزم کا بھرپور اعادہ کیا۔
علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف کو ملائیشین ہم منصب نے فون کرکے شاندار قیادت کی تعریف اور مشرق وسطیٰ جنگ کے فوری خاتمے کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے پاکستان کی امن کوششوں کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔
شہبازشریف نے ملائیشین ہم منصب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امریکہ ،ایران کو مذاکرات کی میز پر لانے کےلئے برادر خلیجی ممالک ،ایرانی رہنماو¿ں کےساتھ بات چیت سمیت تازہ ترین سفارتی کوششوں سے آگاہ کیااورکہا پاکستان کشیدگی کم کرنے کےلئے مخلصانہ و حقیقی کوششیں جاری رکھے گا، دونوں رہنماو¿ں نے آپس میں رابطے بحال رکھنے پر اتفاق کیا، ایک دوسرے کو عیدالفطر کی مبارکباد دی اور امت کے اتحاد و ترقی کیلئے دعائیں کیں۔
ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا پاکستان مشرق وسطیٰ میں قیام امن کیلئے کوشاں،سفارتی سطح پر اہم پیشرفت جاری ہے،وزیراعظم شہباز شریف مختلف ممالک کے سربراہوں سے مسلسل رابطے میں ہیں، سعودی ولی عہد ،ایران کے صدر کےساتھ اہم امور پر تبادلہ خیال کیا ،ناروے، آذربائیجان ،ترکیہ، مصر، عراق، متحدہ عرب امارات، ملائیشیا ،لبنان، بنگلہ دیش کے رہنماو¿ں سے بھی روابط استوار کیے گئے،سفارت کاری شدید کشیدگی کے معاملات میں تحمل، خاموشی و رازداری کا متقاضی ہوتی ہے۔
طاہر اندرابی نے کہا نائب وزیراعظم بھی سفارتی محاذ پر متحرک اور خطے کے ممالک کےساتھ رابطوں میں مصروف ہیں،مشرق وسطیٰ میں قیام امن کےلئے بھرپور کوششیں جاری رکھیں گے۔
دوسری جانب امریکہ اسرائیل نے 2 ایرانی رہنماﺅں کو عارضی طور پر ٹارگٹ لسٹ سے ہٹادیا ۔
وال سٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر باقر قالیباف اور وزیر خارجہ عباس عراقچی کا نام 4 سے 5 روز کیلئے ٹارگٹ لسٹ سے ہٹایا گیا ،اقدام صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جنگ کے خاتمے کیلئے اعلیٰ سطح مذاکرات کی راہ ہموار کرنے کے تناظر میں کیا۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان نے امریکہ سے کہا اگر دونوں رہنماوں کو نشانہ بنایا تو بات کرنے کیلئے کوئی رہنما نہیں بچے گا، امریکہ نے اسرائیلی حکام سے کہا وہ پیچھے ہٹ جائے اور رہنماوں کو نشانہ بنانے سے گریز کرے۔
امریکہ ایران مذاکرات،پاکستانی ثالثی کی تصدیق،پیغامات پہنچائے جا رہے ہیں،نائب وزیراعظم
















