افغان مہاجرین کی واپسی ،کے پی حکومت نے طورخم بارڈر کھولنے کی منظوری


پشاور:(بیورورپورٹ)کے پی حکومت کااہم فیصلہ،افغان مہاجرین کی واپسی کیلئے طورخم بارڈر جزوی طور پر کھولنے کی منظوری دےدی ،پہلے مرحلے کے دوران جیلوں میں قید افغان شہریوں کی واپسی ہوگی۔

پولیس و حکومتی ذرائع کے مطابق طورخم بارڈر صرف مخصوص قافلوں کےلئے کھول کرواپسی کا عمل مرحلہ وار مکمل کیا جائےگا،فیصلہ جیلوں میں قیدیوں کی بڑھتی تعداد، اہلخانہ کی مسلسل آمد اور سکیورٹی خدشات کے پیش نظر کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں جیلوں سے افغان باشندوں کو نکال کر ناصر باغ کیمپ منتقل کیا جائے گا،رجسٹریشن کے بعد باقاعدہ قافلوں کی شکل میں واپسی ہوگی،دوسرا مرحلہ مہاجر کیمپوں میں مقیم افغان باشندوں پر مشتمل ہوگا، تیسرے مرحلے میں صوبے کے مختلف شہروں میں غیرقانونی طور پر مقیم افغان مہاجرین کو واپس بھیجا جائےگا،حکومتی ذرائع نے کہاحکمت عملی سے جیلوں پر دباو کم ، اخراجات میں کمی اور صوبے میں امن و امان کی صورت حال مزید بہتر بنائی جا سکے گی۔