اسلام آباد: (بیورورپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے پاکستان امریکہ ،ایران کے رضا مند ہونے پرمذاکرات کی میزبانی کیلئے تیار ہے۔
شہبازشریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں مشرق وسطیٰ میں جنگ کے خاتمے کیلئے پاکستان کی میزبانی ،توانائی بحران، سکیورٹی امور سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا پاکستان مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کے خاتمے کیلئے جاری مذاکراتی کوششوں کا خیرمقدم کرتا ہے،خطے اور دنیا میں دیرپا امن و استحکام کے قیام کیلئے مذاکرات ناگزیر ہیں ،تمام فریقین کو بات چیت کے ذریعے مسائل کا حل تلاش کرنا چاہیے،امریکہ ،ایران رضامند ہوں تو پاکستان مذاکرات کی میزبانی کیلئے تیار اور اپنا مثبت کردار ادا کرنے کا خواہاں ہے۔
شہبازشریف نے تنازع کے جامع و پائیدار حل کیلئے بامعنی و نتیجہ خیز بات چیت کی پیشکش کرتے ہوئے کہابامقصد مذاکرات کی میزبانی کرنا باعث فخر ہوگا ،خطے میں امن کے فروغ کیلئے ہر ممکن کردار ادا کرتے رہیںگے۔
بعدازاں وزیراعظم شہبازشریف نے پیغام ٹرمپ ،وٹکوف اور عباس عراقچی کوبھی ٹیگ کردیا،جواب میں امریکی صدر نے وزیراعظم شہبازشریف کاٹوئٹ سوشل میڈیا پر شیئر کردیا۔
دریں اثنا نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے اماراتی ہم منصب شیخ عبداللہ بن زاید النیہان سے ٹیلی فونک رابطے میںعلاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کشیدگی میں فوری کمی ہونی چاہیے،سفارتکاری ہی آگے بڑھنے کا واحد قابل عمل راستہ ہے۔
اسحاق ڈار نے یواے ای میں 3 پاکستانی شہریوں سمیت قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات کےساتھ بھرپور یکجہتی کا اعادہ کیا، دونوں رہنماوں کی جانب سے عید کی مبارکباد کا تبادلہ اور قریبی رابطے میں رہنے پراتفاق کیا گیا۔
قبل ازیں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا سفارتکاری ،مذاکرات میں بعض امور کو خاموشی سے آگے بڑھانا ضروری ہوتا لہٰذا میڈیا قیاس آرائیوں سے گریز اور فیصلوں کا انتظار کرے،پاکستان دیرینہ پالیسی کے مطابق مشرق وسطیٰ ،خلیج فارس میں جاری تنازع کے حل کےلئے سفارتی ذرائع اور روابط کے ذریعے آگے بڑھنے کے عزم پر قائم ہے،امید ہے ذرائع ابلاغ قیاس آرائیوں سے گریز ،فیصلوں یا نتائج کیلئے سرکاری اعلانات کا انتظار کرے گا،پاکستان خطے میں امن و استحکام کیلئے تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔
پاکستان امریکہ ایران مذاکرات کی میزبانی کیلئے تیار،سہولت کاری اعزاز ہوگا،وزیراعظم شہباز شریف



















