عمران خان کی نجی ہسپتال منتقلی درخواست مسترد، میڈیکل بورڈ بنانے کا حکم


اسلام آباد :(بیورورپورٹ)عمران خان کی نجی ہسپتال منتقلی درخواست مسترد، میڈیکل بورڈ بنانے کا حکم،توشہ خانہ ٹو کیس میں اپیلوں پر اعتراض مسترد کردیا گیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں عمران خان کی نجی ہسپتال منتقلی درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس ارباب طاہر نے وکیل درخواست گزار سے کہا گوگل بھی چیک کیا ، ڈاکٹر ندیم قریشی بہترین ریٹینا سپیشلسٹ ہیں، آپ شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرکے ٹیسٹ کرلیں، نہیں کہیں گے3 دن یا 3 ماہ رکھیں، دیکھ لیں ساری ذمہ داری آپ لے رہے ہیں، کچھ ہو گیا تو کیا آپ ذمہ داری لیں گے ، ایڈووکیٹ جنرل ایاز شوکت نے کہا ذمہ داری لیں گے،عدالت نے عمران خان کی جیل سے نجی ہسپتال منتقلی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا اور کچھ دیر بعد سناتے ہوئے استدعا مسترد کردی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس خادم سومرو ،ارباب طاہر نے تحریری حکم جاری کرتے ہوئے طبی معائنے کےلئے نیا میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کی ہدایت کردی،میڈیکل بورڈ میں ڈاکٹر عارف خان ،پروفیسر ندیم قریشی شامل ہوں گے، بورڈ اپنی سفارشات مرتب کر کے جلد از جلد چیف کمشنر اسلام آباد کو فراہم کرے گا، چیف کمشنر میڈیکل بورڈ کی سفارشات ، جیل قوانین کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو ہسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ کریں گے، پاکستان پریزن رولز کے رول 795 کے تحت قیدی کی طبیعت زیادہ خراب ہونے پر لواحقین کو مطلع کرنا لازمی ہے۔

عدالت نے جیل حکام کو رولز کے مطابق سختی سے عملدرآمد کرنے کا حکم دےدیا، سپرنٹنڈنٹ جیل کی رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی صحت میں بہتری آئی،عدالتی حکم میں کہا گیا بانی پی ٹی آئی کی وکلا سے ملاقات کےلئے لارجر بنچ کے طے کردہ طریقہ کار پر عمل کیا جائے۔

دریں اثنا اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ ٹو کیس میں عمران،بشریٰ کی اپیلیں بروقت دائرنہ ہونے کا اعتراض ختم کرنے کی درخواست منظور کرلی اوررجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کرنے کیلئے اپیلوں پر نمبر لگانے کا حکم دیدیا۔

دوسری جانب سپریم کورٹ میں بانی پی ٹی آئی کے ہرجانہ کیس میں حق دفاع ختم کرنے کےخلاف دائر نظرثانی درخواست پر سماعت جسٹس عائشہ ملک کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے کی۔

جسٹس ہاشم کاکڑ نے ریمارکس دئیے بانی پی ٹی آئی نے اپنا ابتدائی جواب 4 سال بعد جمع کرایا تھا، بیرسٹر علی ظفر نے بتایا 4 سال تک عدالت کے دائرہ اختیار پر سماعت ہوتی رہی،جسٹس عائشہ ملک نے سوال کیا کیا جواب جمع کرانے میں تاخیر پر عدالت نے کوئی کارروائی کی یا جرمانہ عائد کیا، وکیل نے جواب دیا عدالت کو جواب جمع نہ کرانے پر کارروائی کا اختیار تھا مگر استعمال نہیں کیا گیا۔

شہباز شریف کے وکیل مصطفی رمدے نے موقف اختیار کیا عدالت پہلے ہی ٹرائل روکنے کا حکم دے چکی ، مناسب ہوگا آئندہ ہفتے سماعت رکھ لی جائے،جسٹس عائشہ ملک نے کہا اگلے 2 ہفتے تک بنچ دستیاب نہیں ، حکم امتناع اس لیے دیا گیا تھا تاکہ درخواست گزار کے حقوق متاثر نہ ہوں،وکیل مصطفی رمدے نے کہا سپریم کورٹ کا اکثریتی فیصلہ ہے اس طرح عملدرآمد نہیں روکا جا سکتا، جسٹس عائشہ ملک نے ریمارکس دئیے ٹرائل 3 رکنی بنچ نے متفقہ طور پر روکا ،بعد ازاں عدالت نے مزید سماعت 7 اپریل تک ملتوی کر دی۔