افغانستان سے دہشتگردی دنیا بھر کے امن وسلامتی کیلئے خطرہ ہے،پاکستان

نیویارک:(بیورورپورٹ)پاکستان نے ایک بارپھر واضح کیا ہے افغانستان میں موجود دہشتگرد عناصر نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر کے امن و سلامتی کےلئے خطرہ ہے۔

اپنے بیان میں اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا طالبان رجیم نے دہشت گردوں کو پناہ دے رکھی ہے اور افغانستان سے آنےوالے دہشت گردوں نے پاکستان میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا، انسداد دہشت گردی آپریشنز کے دوران غیر ملکی اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے جو خطے میں خطرناک سرگرمیوں کی نشاندہی کرتا ہے،پاکستانی مندوب نے کہا 26 فروری کو طالبان رجیم نے پاکستان پر بلاجواز حملہ کیا ،پاکستان نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے دشمن فورسز اور دہشت گردوں کو نشانہ بنایا۔

عاصم افتخار نے کہا افغانستان میں کالعدم ٹی ٹی پی سمیت دیگر دہشت گرد تنظیموں کی پناہ گاہیں موجود ،موثر اقدامات ناگزیر ہیں،پاکستان محفوظ اور پرامن افغانستان کا خواہاں ہے ، خطے میں امن کےلئے دوحہ معاہدے پر عملدرآمد ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے۔